کورونا وائرس کو فرقہ وارانہ رنگ دینے اور پروپگنڈہ کرنے پر صدر تحریک مسلم شبان کی درخواست
حیدرآباد۔6اپریل( سیاست نیوز) تحریک مسلم شبان محمدمشتاق ملک کی قیادت میںایک وفد نے قومی ذرائع ابلاغ کی جانب سے کرونا وائرس کی وباء کو فرقہ وارانہ رنگ دینے اور تبلیغی جماعت کومن گھڑت ہیش ٹیگ کے ذریعہ نشانہ بنانے کے لئے خلاف چادرگھاٹ پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کرائی اور مطالبہ کیا کہ ٹیلی ویثرن نیوز اینکر ارنب گوسوامی ‘ راجت شرما‘ نیمیش اگروال اورمدھو تریہم کے خلاف ایف آئی آر درج کرے۔محمد مشتاق ملک نے اپنی شکایت میںپولیس سے بھی استفسار کیاہے کہ اگر وہ ایف آئی آر کے اندرج میںکسی قسم کا تذبذب اختیار کرتی ہے تو پولیس کو پارٹی بناکر اس معاملے میںشبان ہائی کورٹ سے رجوع ہونے میں گریز نہیںکریں گے ۔انہوں نے کہاکہ قومی ذرائع ابلاغ بالخصوص الکٹرانک میڈیا تبلیغی جماعت کے حوالے سے کرونا وائرس کے ہندوستان میںپھیلائو کا مسلمانوں کو ذمہ دار ٹہرارہا ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ کرونا جہاد‘ کرونا دہشت گردی‘ مسلم کرونا اور دیگر ہیش ٹیگ کے ذریعہ مسلمانوں کو مشکوک بنانے کی سازشیں کی جارہی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ قومی ذرائع ابلاغ( الکٹرانک میڈیا) کی جانب سے تبلیغی جماعت کے حوالے سے چلائی جارہی اس مہم کی وجہہ سے ملک میںخانہ جنگی جیسے صورت حال پیدا ہوسکتی ہے ۔ اور اس کا اثر کئی علاقوں میںنظر بھی آرہا ہے ۔ مسلمان میوہ اور ترکاری فروشوں سے سامان خریدنے سے گریز کیاجارہا ہے ۔ سوشیل میڈیا پر کئی ایسے ویڈیو وائیرل ہورہے ہیں جس میں مسلمانوں کو اپنے علاقوں میںآنے سے روکنے کی باتیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انفارمیشن اینڈ براڈ کاسٹنگ سے بھی اس ضمن میں شکایت کی جائے گی ۔انہوں نے جلد سے جلد ایف آئی آر درج کرنے کا بھی متعلقہ انسپکٹر پر زور دیاہے۔