چمپاوت؍نینی تال: اتراکھنڈ کے چمپاوت میں چار دھام پروجیکٹ کے تحت بنائے جانے والے بائی پاس کا جمعہ کو سپریم کورٹ کی اوور سائٹ کمیٹی نے معائنہ کیا۔ کمیٹی کی رپورٹ کے بعد بائی پاس کو گرین سگنل دے دیا جائے گا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق چاردھام پروجیکٹ کے تحت چمپاوت کے تانک پور سے چین کی سرحد تک قومی شاہراہ بنائی جارہی ہے ۔ 126 کلومیٹر ہائی وے کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے ۔اس پروجیکٹ کے تحت چمپاوت، لوہاگھاٹ اور پتھورا گڑھ بائی پاس بھی بنائے جانے ہیں، لیکن ملک کی اعلیٰ ترین عدالت کے مطابق بائی پاس کی تعمیر کے لیے اوور سائٹ کمیٹی کی سفارش ضروری ہے ۔اسی سلسلے میں آج چیئرمین جسٹس (ریٹائرڈ) اے کے سیکری کی صدارت میں چار رکنی کمیٹی چمپاوت پہنچی اور 320 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے چمپاوت بائی پاس کا معائنہ کیا۔ ضلع مجسٹریٹ نونیت پانڈے نے کمیٹی کو تین بائی پاس کی اہمیت بتائی۔انہوں نے کہا کہ چین کی سرحد سے منسلک اس قومی شاہراہ پر بائی پاس کی تعمیر ضروری ہے ۔ شہری علاقوں میں ٹریفک کا شدید دباؤ ہے ۔چین کی حساس سرحد کے قریب ہونے کی وجہ سے اس راستے پر فوج اور نیم فوجی دستوں کی گاڑیوں کی مسلسل آمد و رفت رہتی ہے ۔ آدی کیلاش یاترا اور سیاحوں کی وجہ سے یہاں مسلسل ٹریفک جام رہتا ہے ۔انہوں نے کمیٹی کو یہ بھی بتایا کہ شہری ترقی کے تحت تیار کیے گئے چمپاوت ضلع کے ماسٹر پلان میں بائی پاس کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔اس دوران کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر سنجیو کمار گوئل، ڈاکٹر این بالا، پولیس سپرنٹنڈنٹ اجے گنپتی، این ایچ اے آئی کے سپرنٹنڈنگ انجینئر ارون کمار پانڈے ، ایگزیکٹیو انجینئر آشوتوش اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔