چارمینار اور قلعہ گولکنڈہ سیاحوں کے لیے بند

,

   

سیاحوں کی کم تعداد اور وائرس کے پھیلاؤ پر محکمہ آثار قدیمہ کے فیصلہ پر عمل
حیدرآباد۔ شہر میں موجود تاریخی چارمینار اور گولکنڈہ جاریہ ماہ کے 31 تاریخ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کی جانب سے محکمہ آثار قدیمہ کے تحت موجود تاریخی عمارتوں کو سیاحوں کے لئے کھول دیئے جانے کے فیصلہ کے بعد ان مقامات کو بھی سیاحوں کے لئے کھول دیا گیا تھا لیکن دو یوم کے دوران صرف 64 افراد نے ان دو مقامات کی سیاحت کی جو کہ ویب سائٹ پر ٹکٹ بک کرواتے ہوئے ان مقامات پر پہنچے تھے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے چارمینار اور قلعہ گولکنڈہ کو عوام کیلئے نہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اس کے باوجود اے ایس آئی کے فیصلہ کے تحت ان سیاحتی مقامات کی کشادگی عمل میں لائی گئی تھی تاہم آج دوبارہ ان مقامات کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ دونوں ہی سیاحتی مقامات پر تفریح کیلئے کوئی نہیں پہنچ رہا ہے جو کہ محکمہ آثار قدیمہ کیلئے نقصاندہ ہونے کے علاوہ سیاحتی مقام کی دلکشی پر اثر انداز ہونے کا خدشہ ہے اسی لئے محکمہ آثار قدیمہ نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ 31جولائی تک دونوں تاریخی عمارتوں کو عوام کیلئے دوبارہ بند کردیا جائے ۔ شہر حیدرآباد میں موجود ان تاریخی عمارتو ںکو دوبارہ بند کردیئے جانے کے متعلق ایک اعلی عہدیدار نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی ہدایات کے مطابق ان مقامات کی کشادگی عمل میں لائی گئی تھی اور مرکزی حکومت کے تحت موجود محکمہ آثار قدیمہ کی ہدایات پر ہی دوبارہ ان دونوں مقامات کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ریاستی حکومت نے مرکزی حکومت کی وزارت تہذیب و ثقافت کی جانب سے ان دونوں تاریخی سیاحتی مقامات کی کشادگی کے ساتھ ہی کورونا وائرس کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر نہ کھولنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اس کے باوجود بھی دو یوم تک ان مقامات کی تفریح کی اجازت دی جاتی رہی اور ان دو یوم کے دوران 64 افراد نے دونوں مقامات کا مشاہدہ کیا ۔بتایا جاتا ہے کہ محکمہ آثار قدیمہ نے 31جولائی تک عوامی داخلہ پر پابندی کے فیصلہ کے ساتھ اس بات کا بھی منصوبہ تیار کیا ہے کہ 31 جولائی کے بعد حالات کا جائزہ لینے کے بعد ہی ان تفریحی مقامات کو عوام کیلئے کھولنے کا فیصلہ کیا جائے تاکہ تاریخی مقامات کی اہمیت کی برقراری کے ساتھ ان کی کشادگی سے عوام استفادہ حاصل کرسکیں اور محکمہ کو بھی نقصان نہ ہو۔