کانگریس امیدوار مجیب اللہ شریف کی مہم میں تیزی، 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا وعدہ
حیدرآباد 23 نومبر (سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی چارمینار میں کانگریس امیدوار مجیب اللہ شریف کو رائے دہندوں کی غیرمعمولی تائید حاصل ہورہی ہے۔ یہ حلقہ اگرچہ روایتی طور پر مجلس کا گڑھ مانا جاتا ہے لیکن ترقیاتی کاموں کی انجام دہی میں اِس حلقہ کو مسلسل نظرانداز کردیا گیا جس کے نتیجہ میں عوام ناراض ہیں۔ کانگریس نے حلقہ چارمینار سے اپنے امیدوار مجیب اللہ شریف کے نام کا لمحہ آخر میں اعلان کیا اور اُنھیں انتخابی مہم کے لئے زیادہ وقت نہیں ملا۔ باوجود اس کے جس علاقہ میں وہ پدیاترا کے لئے جارہے ہیں، وہاں عوام استقبال کرتے ہوئے کانگریس کی تائید کا یقین دلارہے ہیں۔ صدر حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی سمیر ولی اللہ کی قیادت میں مجیب اللہ شریف اور مقامی قائدین پدیاترا کے ذریعہ گھر گھر عوام سے ربط قائم کررہے ہیں۔ پرانے شہر کے اسمبلی حلقہ جات میں چارمینار واحد حلقہ ہے جہاں کانگریس پارٹی نے مجلس کو سخت مقابلہ پیش کیا ہے۔ مجیب اللہ شریف نے عوام سے وعدہ کیاکہ وہ برسر اقتدار آتے ہی کانگریس کی جانب سے تیار کردہ ووٹ سٹی ڈیولپمنٹ ڈیکلریشن پر عمل کریں گے۔ حکومت کے ذریعہ پرانے شہر کو ترقیاتی بجٹ منظور کیا جائے گا۔ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اور سیٹ ون کا احیاء عمل میں لاتے ہوئے پرانے شہر کی ترقی اور نوجوانوں کو اسکل ڈیولپمنٹ سے ہم آہنگ کرنے کی کوشش کریں گے۔ اِسی دوران سمیر ولی اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ کانگریس کی 6 ضمانتوں کا عوام کی جانب سے خیرمقدم کیا جارہا ہے۔ سمیر ولی اللہ کے مطابق پرانے شہر میں کانگریس نے انتخابی مہم میں شدت پیدا کردی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس کے انتخابی منشور سے عوام میں مسرت کی لہر ہے اور تبدیلی کے حق میں رائے دہی کا امکان ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ چارمینار اور ملک پیٹ اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس کو غیرمعمولی عوامی تائید حاصل ہورہی ہے۔ بی آر ایس اور مجلس سے عوام سخت نالاں ہیں جن کی انتخابی مہم مخالفین کے خلاف کردار کشی اور الزام تراشی کے سوا کچھ نہیں ہے۔