90 سے زائد روڈی شیٹرس کے مکانات کی تلاشی
حیدرآباد ۔ 14 فبروری (سیاست نیوز) پرانے شہر میں جرائم پر قابو پانے میں ناکامی کے الزامات کا سامنا کررہی سٹی پولیس نے آج بڑے پیمانے پر تلاشی مہم کا آغاز کردیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس چارمینار زون مسٹر کرن کھرے کی قیادت میں روڈی عناصر کے مکانات پردھاوے کئے گئے بڑے پیمانے پر کی گئی اس کارروائی میں تقریباً 300 پولیس ملازمین شامل تھے۔ آپریشن کوچ اور کارڈن سرچ کے بعد شائد پولیس نے کومبنگ کے نام سے مجرموں کے خلاف اس مہم کا آغاز کیا ہے۔ چارمینار زون میں 90 سے زائد روڈی شیٹرس کے مکانات کی تلاشی لی گئی جن میں عمر خاں، عارف خاں، غوث الدین، خلیل الدین، سیف الدین اور جعفر حسین شامل ہیں۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر آف پولیس چارمینار زون کرن کھرے نے اپنے جاری کردہ بیان میں بتائی۔ کرن کھرے کے مطابق کارڈن اینڈ سرچ اور آپریشن کوچ کے علاوہ گاڑیوں کی تلاشی مہم بھی جاری رہے گی۔ شہر کو غنڈہ گردی اور جرائم سے پاک بنانے کے اقدامات میں شدت پیدا کردی گئی ہے۔ انہوں نے شرائط اور ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 50 ہزار تا ایک لاکھ وپئے جرمانے عائد کرنے کا انتباہ دیا۔ ڈی سی پی چارمینار نے کہا کہ آئندہ دنوں روڈی عناصر کی دن اور رات کے اوقات تلاشی لی جائے گی اور کونسلنگ کی جائے گی۔ انہوں نے کسی بھی غیرسماجی سرگرمی کے خلاف عوام سے درخواست کی کہ وہ ڈائیل 100 یا پھر مقامی پولیس اسٹیشن کو آگاہ کریں۔ع