چارمینار و دیگر سیاحتی مقامات کی ترقی کے اقدامات

   

Ferty9 Clinic

اسمبلی میں وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راو کا بیان
حیدرآباد ۔5 ۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں سیاحت کے فروغ کے نتیجہ میں بین الاقوامی اداروں کی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مقابلہ حسن کے موقع پر چارمینار ، چو محلہ پیالس اور دیگر تاریخی عمارتوں کی دنیا بھر میں تشہیر کی گئی تاکہ پرانے شہر میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکے۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران سیاحتی پالیسی کی وضاحت کرکے کرشنا راؤ نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے تلنگانہ کی کیرالا کے ساتھ مسابقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحتی و مذہبی مقامات کی ترقی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد سے حکومت نے سیاحت پر توجہ مرکوز کی ہے۔ سابق دور میں سیاحت کے شعبہ کو نظر اندام کردیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سیاحتی مقامات کی ترقی کی منصوبہ بندی کی گئی ۔ گلوبل سمٹ کے کامیاب انعقاد سے تلنگانہ میں سیاحت کو فروغ ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے نوجوانوں کو بالواسطہ روزگار حاصل ہونگے۔ عادل آباد ، نظام آباد اور کاماریڈی اضلاع میں تاریخی قلعہ اور سیاحتی مقامات کو ترقی دی جائے گی۔1