چارمینار و قلعہ گولکنڈہ کل سے کھل جائیں گے

   

محکمہ آثار قدیمہ کا فیصلہ ۔ ٹکٹ صرف آن لائین لینے ہونگے
حیدرآباد۔ محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے ملک بھر میں آثار قدیمہ کے تحت تہذیبی ‘ سیاحتی و تاریخی ورثہ کو عوام کیلئے 16جون سے کھول دینے کا فیصلہ کیا گیا اور شہر میں تاریخی چارمینار اور قلعہ گولکنڈہ کو عوام کیلئے کھول دیا جائے گا ۔ ملک بھر میں 16 اپریل کو محکمہ آثار قدیمہ نے محکمہ کے تحت تمام عمارتوں اور سیاحتی مقامات کو کورونا دوسری لہر کے پیش نظر بند کرنے کا اعلان کیا تھا اور 15مئی کے بعد اس میں توسیع کی گئی تھی لیکن اب جبکہ کورونا صورتحال قابو میں ہے محکمہ آثار قدیمہ نے تاریخی عمارتوں کو سیاحوں کیلئے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہر میں چارمینار اور قلعہ گولکنڈہ کو بھی 16 جون سے سیاحوں کیلئے کھول دیا جائے گا لیکن تاریخی تفریحی مقامات پر ٹکٹ فروخت نہیں کئے جائیں گے بلکہ آن لائن ٹکٹ حاصل کرنا ہوگا ۔ذرائع کے مطابق لاک ڈاؤن کی صورتحال اور اوقات کار کو نظر میں رکھتے ہوئے سیاحوں کو داخلہ کی اجازت رہے گی اور ان کی کشادگی سے قبل خصوصی صفائی انتظامات کئے جائیں گے ۔