چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ میں رکاوٹ و ہمدردی کا اظہار

,

   

Ferty9 Clinic

بولڈرس کی تنصیب میں رکاوٹ ، محکمہ بلدیہ کے عہدیداروں پر سیاسی قائدین کا دباؤ
حیدرآباد۔18ڈسمبر(سیاست نیوز) چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کا مطالبہ کون کررہے ہیں!اور کون اس پراجکٹ کے کاموں میں رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں!عہدیدار اب چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے ترقیاتی کامو ںسے عاجز آتے جار ہے ہیں اور یہ کہنے لگے ہیں جو لوگ کاموں کی عاجلانہ تکمیل کا مطالبہ کرتے ہیں وہی لوگ کاموں میں رکاوٹ پیدا کرتے ہوئے عوامی ہمدردیاں حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور یہ صورتحال بلدی عہدیداروں کے لئے انتہائی تکلیف دہ ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ پراجکٹ سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں نے فیصلہ کیا ہے کہ مقامی رکن اسمبلی کے علاوہ متعلقہ کارپوریٹر کی جانب سے سردار محل سے چارمینار کی سمت جانے والے راستہ پر بولڈرس کی تنصیب میں رکاوٹ پیدا کئے جانے کے سلسلہ میں محکمہ بلدی نظم و نسق کے اعلی عہدیداروں کو واقف کروانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ عہدیداروں کی جانب سے یہ کہتے ہوئے دباؤ ڈالا جا رہا تھا کہ مقامی رکن اسمبلی و پارلیمنٹ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے ترقیاتی کاموں کی رفتار سے خوش نہیں ہیں اور وہ ان کاموں کی جلد تکمیل کے سلسلہ میں فوری اقدامات کے خواہشمند ہیں ۔ عوامی منتخبہ نمائندوں کی جانب سے متعدد مرتبہ اس سلسلہ میں نمائندگی بھی کی جاچکی ہے لیکن اب جبکہ اس پراجکٹ کے کاموں کو تیز کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں تو وہی لوگ کاموں میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں جو کاموں کو تیز کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے نمائندگیاں کر رہے تھے۔تاریخی چارمینار کے دامن میں جاری اس پراجکٹ کے دو جانب آہنی رکاوٹیں نصب کی جاچکی ہیں اور ابھی دو جانب رکاوٹیں کھڑی کی جانا باقی ہے لیکن دو جانب کھڑی کی گئی رکاوٹوں پر کوئی اعتراض نہیں کیا گیا جبکہ گذشتہ یوم سردار محل سے چارمینار جانے والے راستہ پر بولڈرس کی تنصیب کے سلسلہ میں جاری کاموں کو مقامی عوام نے رکوادیا اور عوام کی جانب سے کئے جانے والے احتجاج کے دوران منتخبہ نمائندوں نے وہاں پہنچ کر عہدیداروں کو واپس کردیا جس پر عہدیداروں میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے

اسی لئے انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے سلسلہ میں محکمہ بلدی نظم و نسق کے اعلی عہدیداروں اور متعلقہ وزیر سے بات چیت کے بعد ہی ان کاموں کا احیاء عمل میں لایا جائے کیونکہ کام شروع ہونے کے بعد اس میں پیدا ہونے والی رکاوٹ سے کام میں نہ صرف تاخیر ہوتی ہے بلکہ تخمینی لاگت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔