چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے حدود میں سگریٹ نوشی پر امتناع

,

   

سگریٹ فروخت پر بھی پابندی عائد کرنے کی منصوبہ بندی ، جی ایچ ایم سی کی پولیس اور محکمہ صحت سے مشاورت
حیدرآباد۔9جون(سیاست نیوز) چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے حدود میں سگریٹ نوشی ممنوع رہے گی اور پراجکٹ کے حدود میں سگریٹ کی فروخت پر بھی امتناع عائد کیا جائے گا! مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے جاری منصوبہ بندی میں چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے حدود میں سگریٹ نوشی پر مکمل امتناع اور دائرہ میں سگریٹ کی فروخت پر بھی پابندی عائد کرنے کے متعلق منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ اس سلسلہ میں جی ایچ ایم سی حکام محکمہ پولیس اور محکمہ صحت کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات کے حکام سے مشاورت کررہے ہیں ۔ حکومت تلنگانہ نے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کو جاریہ سال کے اختتام تک مکمل کرنے کا نشانہ فراہم کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ جی ایچ ایم سی اندرون 7ماہ پراجکٹ کے بنیادی کاموں کو مکمل کرنے کی حکمت عملی تیار کرچکی ہے۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پر عائد امتناع کے قانون کو چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے حدود میں مکمل طور پر قابل عمل بنانے کے علاوہ سگریٹ کی فروخت کے لئے مدون قوانین کو روبعمل لانے کے اقدامات کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے او رکہا جا رہاہے کہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے حدود میں سگریٹ کی فروخت اور سگریٹ نوشی پر مکمل امتناع عائد کرتے ہوئے ایسا کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کرنے کا منصوبہ تیار کیا جا رہاہے ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر کے اس مرکزی مقام پر سگریٹ نوشی پر مکمل امتناع عائد کرنے کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے دیگر متعلقہ شعبوں و محکمہ جات کے اشتراک سے سگریٹ نوشی کے نقصانات کے متعلق شعور بیداری مہم چلانے پر غور کیا جا رہاہے او رکہا جا رہاہے کہ اس مہم کے لئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے غیر سرکاری تنظیموں کی بھی مدد حاصل کی جائے گی ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے تاریخی چارمینار کے اطراف جاری اس پراجکٹ کی تکمیل کے علاوہ جائیدادوں کے حصول اوردیگر امور کی انجام دہی پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے حدود میں کسی بھی ٹھیلہ بنڈی یا فٹ پاتھ تاجر کو تجارت کی اجازت فراہم نہیں کی جائے گی اور پراجکٹ کو مکمل قابل عمل بنانے کیلئے عوام اور سیاحوں کو بنیادی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جا رہے ہیںاو راس بات کی کوشش کی جا رہی ہے تاریخی چارمینار کی سیاحت کیلئے پہنچنے والے سیاحوں کو اطراف میں موجود سیاحتی مقامات کے متعلق بھی واقف کروایا جائے تاکہ وہ ان تفریحی مراکز کی بھی سیاحت کریں۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر حیدرآباد کے مرکزی اور انتہائی اہم پراجکٹ کے حدود میں سگریٹ نوشی اور سگریٹ کی فروخت پر پابندی کے تجربہ کی کامیابی کی صورت میں شہر کے دیگر مقامات پر بھی اسے قابل عمل بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پر 200 روپئے جرمانہ عائد کرنے کے علاوہ کھلے سگریٹ کی فروخت پر جرمانہ عائد کرنے کی قانونی گنجائش موجود ہے۔