سالار جنگ برج سے متصل دو برجس تعمیر کرنے کا فیصلہ ، 165 کروڑ کے خرچ کا تخمینہ ، عنقریب ٹنڈرس کی طلبی
حیدرآباد۔3اکٹوبر(سیاست نیوز) چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے لئے ٹھیلہ بنڈی رانوں کی منتقلی کے سلسلہ میں کئے گئے فیصلہ کے تحت سالار جنگ برج سے متصل دو پیدل راہرو برجس کی تعمیر کو قطعیت دے دی گئی ہے اور جلد ہی 165 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے ان دونوں برجس کے لئے ٹنڈر طلب کئے جائیں گے۔بتایاجاتا ہے کہ حیدرآباد روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے تیار کئے گئے اس منصوبہ کو محکمہ بلدی نظم و نسق کی منظوری حاصل ہوچکی ہے اور محکمہ بلدی نظم و نسق نے جلد ہی ان برجس کی تعمیر کیلئے ٹنڈر طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سالارجنگ میوزیم سے سنٹرل لائبریری (کتب خانہ ٔ آصفیہ) کو مربوط کرنے والے ایک برج کی چوڑائی 72 میٹر ہوگی جبکہ یہ 300 میٹر طویل ہوں گے۔ان دونوں برجس کو پیدل راہروؤں کے لئے مختص کیا جائے گا اور ان برجس پربیاٹری سے چلنی والی گاڑیاں موجود رہیں گی۔ ان برجس کو خوبصورت اور قابل دید بنانے کیلئے برج پر کمانوں کی تعمیر کے علاوہ مینار اور گنبد تعمیر کئے جائیں گے تاکہ اس نئی تعمیر کو دکن کے فن شاہکار کے طور پر تعمیر کیا جاسکے۔دوسرے برج کا جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اس کے مطابق یہ برج 180 میٹر طویل اور 72 میٹر چوڑا ہوگا ۔ حکومت نے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے حدود سے ٹھیلہ بنڈیوں کو ہٹانے کا جو منصوبہ تیارکیا ہے اس کے مطابق یہ برج تعمیر کئے جائیں گے اور ان برجس پر 336 ٹھیلہ بنڈی رانوں کو جگہ فراہم کی جائے گی ۔ عہدیداروں کے بموجب ان برجس کو عوامی تفریحی مرکز کے طور پر فروغ دینے کیلئے ان پر اوپن ائیر تھیٹر کے علاوہ سبزہ زار اور باغات کے طرز پر ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں گے۔ برج پر تعمیر کئے جانے والے اوپن ائیر تھیٹر میں 250تا300 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش فراہم کی جائے گی ۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے پرانے شہر میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات میں ان برجس کی تعمیر کا آغاز انتہائی اہم سنگ میل ثابت ہوگا کیونکہ محکمہ بلدی نظم و نسق نے ان برجس کی تعمیر کے سلسلہ میں سنجیدہ اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹنڈر کی طلبی اور ٹنڈر کو قطعیت دیئے جانے کے عمل کی تکمیل کے بعدٹھیکہ دار کو ان برجس کی تعمیر کے کاموں کو مکمل کرنے کیلئے تین سال کی مدت فراہم کی جائے گی اور اس مدت کے دوران ٹھیکہ دار پر کاموں کی تکمیل لازمی ہوگی علاوہ ازیں برج مکمل کرتے ہوئے ٹھیلہ بنڈی راوں کی منتقلی کا عمل بھی شروع کردیا جائے گا۔