چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں میں پیشرفت

   

اطراف کے علاقوں کی سڑک کی تعمیر کو یقینی بنانے مجلس بلدیہ کی حکمت عملی کی تیاری
حیدرآباد۔30جون(سیاست نیوز) چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے منصوبہ کے تحت منظورہ چارکمان مندر سے آگرہ ہوٹل کی جانب نکلنے والی گلی کو 15فیٹ چوڑی کرنے کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے منظوری دے دی ہے۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تحت نکالی جانے والی نئی سڑکوں میں چارکمان مندر سے کمان سحر باطل کی سڑک پر نکلنے والی یہ پہلی سڑک ہوگی جسے توسیع دیئے جانے کے عمل کو منظوری حاصل ہوئی ہے۔یکم فروری 2019 کو جی ایچ ایم سی نے اس سڑک کو 15فیٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور گذشتہ اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں اس فیصلہ کو منظوری دیتے ہوئے پراجکٹ کے کاموں کو تیز کرنے کی سمت پیشرفت کی گئی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ اسٹینڈنگ کمیٹی نے اس فیصلہ کے ساتھ 1 کروڑ 73لاکھ 73 ہزار457 روپئے متاثرین کو جاری کرنے کیلئے منظور کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اندرون دو ماہ اس سڑک کی توسیع کیلئے جائیدادوں کو حاصل کرتے ہوئے کاروائی کی جائے گی اور عملی اقدامات کا آغاز کردیاجائے گا۔چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں کو جلد از جلد تکمیل کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کے بعد اسٹینڈنگ کمیٹی نے اس سڑک کی منظوری دیتے ہوئے اطراف کے علاقوں میں نکالی جانے والی سڑکو ںکی راہ ہموار کی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر کے اس مرکزی علاقہ میں اطراف تین نئی سڑکوں کی تعمیر کو یقینی بنانے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے جن میں موتی گلی سے مٹی کے شیر تک نکالی جانے والی سڑک کے علاوہ چارمینار سے خلوت کی جانب نئی سڑک کا منصوبہ شامل ہے۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کو مزید تیز کرنے کے سلسلہ میں تیار کی جانے والی حکمت عملی کے متعلق عہدیداروں کا کہناہے کہ بہت جلد جی ایچ ایم سی کی جانب سے قانونی کاروائیوں کو شروع کرتے ہوئے جائیدادوں کے حصول کا عمل مکمل کرلیا جائے گا اور مانسون کے فوری بعد نئی سڑکوں کی تعمیر کے سلسلہ میں اقدامات شروع کر دیئے جائیں گے۔