چارمینار کے اطراف ترقیاتی کام ٹھپ، پیدل راہرو پراجکٹ کاموں میں تاخیر

,

   

جی ایچ ایم سی کی جانب سے راستوں کو مسدود کرنے سے مشکلات،محکمہ برقی کی شکایت

حیدرآباد۔13نومبر(سیاست نیوز) چارمینار کے دامن میں ترقیاتی کام مفلوج ہونے کی وجہ سڑک بند کیا جانا ہے۔تاریخی چارمینار کے اطراف انجام دیئے جانے کاموں کی تکمیل کے لئے دیگر محکمہ جات مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو ذمہ دار قرار دے رہے ہیں اور جی ایچ ایم سی کی جانب سے دیگر محکمہ جات کو ذمہ دار قرار دیا جانے لگا ہے جو کہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کاموں کی تکمیل میں تاخیر کا سبب بن رہا ہے۔محکمہ برقی کی جانب سے چارمینار کے اطراف برقی نظام کو زیر زمین کرنے کے کاموں کو مکمل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اور اس سلسلہ میں زیر زمین برقی تاروں کی تنصیب کے لئے کھڈ بھی تیار کئے جاچکے ہیں لیکن اب جبکہ ان کاموں کو مکمل کرنا ہے تو محکمہ برقی کے عہدیداروں کا کہناہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے چارمینار کی سمت جانے والے راستوں کو مسدود کئے جانے کے سبب تکنیکی عملہ اور مشنری کو وہاں تک لیجانا مشکل ہے اسی لئے کاموں کی تکمیل میں تاخیر ہونے لگی ہے۔ شہر حیدرآباد میں برسہا برس سے جاری اس پراجکٹ کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ڈسمبر2019 تک اس پراجکٹ کو مکمل کرلیا جائے گا لیکن اب جبکہ ڈسمبر انتہائی قریب آچکا ہے لیکن چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے کام جوں کے توں ہیں اور اس میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے بتایا کہ برقی تاروں کو زیر زمین کرتے ہوئے اطراف کی دکانات میں برقی کنکشن فراہم کرنے کے لئے درکار 35لاکھ روپئے کا چیک محکمہ برقی کے حوالہ کیا جاچکا ہے لیکن اس کے باوجود محکمہ برقی کی جانب سے اب تک بھی کاموں کی شروعات نہیں کی گئی جو کہ افسوسناک ہے۔ محکمہ برقی کے عہدیداروں نے بتایا کہ انہیں چیک ماہ اگسٹ میں موصول ہواجس کے بعد محکمہ کی جانب سے مسدود راستوں کو کچھ دنوں کیلئے کھول دینے کی درخواست کی لیکن جی ایچ ایم سی کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی کاروائی نہیں کی گئی اور نہ ہی اس درخواست پر کوئی جواب دیا گیا جس کے سبب محکمہ برقی کی جانب سے کاموں کی شروعات نہیںکی جاسکی ہے۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے عہدیداروں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کے اس پراجکٹ کے اطراف موجود برقی تاروں کو زیر زمین کردیئے جانے کے بعد علاقہ کی خوبصورتی میں زبردست اضافہ ہوگا اور سیاحوں کو چارمینار کی خوبصورتی میں حائل ہونے والے برقی تاروں سے نجات حاصل ہو جائے گی۔