چارمینار کے اطراف مساجد میں محدود مصلیوں کو اجازت

   

حیدرآباد۔ سیکریٹریٹ میں دو مساجد کی شہادت کے خلاف امکانی احتجاج کے پیش نظر جامع مسجد چوک و دیگر مساجد میں محدود مصلیوں کو نماز جمعہ کی اجازت دی گئی اور اذاں سے قبل جو مصلی آ چکے تھے ان کے علاوہ دیگر کو داخلہ سے روک دیا گیا ۔شہر میں جمعہ کے پیش نظر پولیس کی جانب سے خصوصی صیانتی انتظامات کئے گئے تھے اور اب جبکہ تاریخی مکہ مسجد میں نماز جمعہ کی عوام کو اجازت نہیں ہے اطراف کی مساجد میں مصلیوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جار ہا ہے لیکن سیکریٹریٹ مساجد کی شہادت کے بعد آج جمعہ کے پیش نظر پرانے شہر کی مساجد بالخصوص چارمینار کے اطراف مساجد میں محدود مصلیوں کو داخلہ کی اجازت دی گئی اور پولیس کی بھاری جمیعت کی تعیناتی کے ذریعہ مصلیوں کو روک دیا گیا ۔ جامع مسجد چوک میں محدود مصلیوں کو اجازت کے علاوہ چومحلہ پیالس کے روبرو مسجد میں بھی محدود مصلیوں کو نماز کی اجازت دی گئی ۔ نماز جمعہ کے بعد سیکریٹریٹ مساجد کی شہادت کے خلاف امکانی احتجاج کے پیش نظر پولیس کی جانب سے شہر کی کئی مساجد کے قریب وسیع صیانتی انتظامات کئے گئے تھے اور گشت میں اضافہ کردیا گیا تھا ۔ شہر میں امکانی احتجاج کے پیش نظر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے پریس نوٹ کی خوب تشہیر کی گئی اسکے باوجود عوام میں مسجد ہاشمی اور مسجد دفاتر معتمدی کی شہادت کے خلاف شدید برہمی پائی جاتی ہے ۔ مکہ مسجد کو لاک ڈاؤن کے بعد سے عوام کیلئے نہ کھولے جانے کے علاوہ آج پولیس کی جانب سے مصلیوں کو روکے جانے پر بھی شدید تنقید کی جا رہی ہے۔