پرانے شہر میں ترقیاتی کاموں پر 14000 کروڑ خرچ، مکہ مسجد اور دیگر تاریخی عمارتوں کا تحفظ، کونسل میں کے ٹی آر کا جواب
حیدرآباد۔/5 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے تاریخی چارمینار کے علاقہ کو نئی دہلی کے چاندنی چوک کی طرح ترقی دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں عہدیداروں کی ایک ٹیم نئی دہلی روانہ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چارمینار حیدرآباد کی شان ہے اور یہاں دنیا بھر سے سیاح پہنچتے ہیں۔ دنیا بھر میں چارمینار کے ساتھ حیدرآباد کا نام بھی ترقی کے معاملہ میں روشن ہوگا لہذا حکومت چارمینار کے اطراف ترقیاتی کاموں کیلئے 200 کروڑ روپئے تک خرچ کرنے تیار ہے۔ کے ٹی آر آج قانون ساز کونسل میں پرانے شہر کی ترقی پر مختصر مباحث کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو متحرک کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ اتھارٹی کو 200 کروڑ روپئے بجٹ فراہم کرتے ہوئے پرانے شہر میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل کی جائے گی۔ انہوں نے بلدی انتخابات کو طویل عرصہ گذرنے کے باوجود جی ایچ ایم سی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی عدم تشکیل سے متعلق سوال پر تیقن دیا کہ نومبر میں اسٹینڈنگ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پرانے شہر کی ترقی میں جانبداری پر یقین نہیں رکھتی اور نئے شہر کی طرح ترقیاتی کام اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا منصوبہ ہے۔ اس سلسلہ میں ایک جامع ترقیاتی منصوبہ تیارکیا گیا جس کے تحت بریجس، سڑکیں اور فلائی اوورس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ پرانے شہر میں بہادر پورہ، چندرائن گٹہ اور کنچن باغ میں فلائی اوورس کی تعمیر کا کام اختتامی مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر کی ترقی کیلئے سابقہ حکومتوں سے زیادہ ٹی آر ایس حکومت نے توجہ دی ہے۔ کانگریس دور حکومت میں پرانے شہر پر 3934 کروڑ خرچ کئے گئے جبکہ ٹی آر ایس حکومت نے سات برسوں میں 14887 کروڑ خرچ کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر میں میٹرو پراجکٹ کی توسیع کے سلسلہ میں حکومت سنجیدہ ہے۔ 5.5 کیلو میٹر کا پرانے شہر میں احاطہ کیا جائے گا۔ کورونا وباء کے سبب پراجکٹ کے آغاز میں تاخیر ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میٹرو پراجکٹ کو نقصانات سے بچانے کیلئے چیف منسٹر نے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے میں اس کمیٹی کا صدرنشین ہوں اور بہت جلد اجلاس طلب کرتے ہوئے پرانے شہر میں میٹرو ریل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ پرانے شہر میں 9899 کروڑ خرچ کئے گئے۔ اس کے علاوہ واٹر ورکس کی جانب سے 3794 کروڑ، محکمہ سیاحت 111 کروڑ، محکمہ برقی 372کروڑ، اسکول ایجوکیشن 563 کروڑ ، میڈیکل اینڈ ہیلت 60 کروڑ اور آر اینڈ بی سے 87 کروڑ خرچ کئے گئے۔ مختلف محکمہ جات سے جملہ 14887 کروڑ پرانے شہر کی ترقی پر خرچ کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پرانے شہر میں 6 فٹ اوور بریجس کو منظوری دی گئی جن میں سے 3 مکمل ہوچکے ہیں جس پر 19.3 کروڑ کا خرچ آیا ہے۔ خلوت کے علاقہ میں ملٹی لیول پارکنگ سہولت کی فراہمی کیلئے عنقریب ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر کے 38499 چھوٹے کاروباریوںمیں 38170 شناختی کارڈ جاری کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ چارمینار پیدل راہروو پراجکٹ کا کام جاری ہے جس کے تحت لاڑ بازار، پتھر گٹی اور سردار محل علاقوں میں سیاحت کو فروغ دیا جائے گا۔ حکومت اس پراجکٹ کیلئے 150 کروڑ خرچ کرنے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مسجد اور دیگر تاریخی عمارتوں کا تحفظ کیا جائے گا۔ کے ٹی آر نے پرانے شہر میں 14 بریجس کی تعمیر اور ڈگری کالجس کے قیام کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ 200 سال پرانے میر عالم تالاب کی ترقی کیلئے 10 کروڑ مختص کئے گئے ہیں۔ میر عالم تالاب کو درگم چیروو کی ترقی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلئے 40 کروڑ سے زائد خرچ کئے جائیں گے۔ میر عالم تالاب میں ڈانسنگ لائٹنگ فونٹین قائم کیا جائے گا جو تالاب کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا۔ کونسل کے ارکان جیون ریڈی، امین الحسن جعفری، ایم ایس پربھاکر اور دوسروں نے شہر کی ترقی سے متعلق سوالات کئے۔ر