چارمینار کے ایک اور مینار پر بھی زعفرانی رنگ !

   

تلک لگاکر پوجا پاٹ کا آغاز ۔ سرکاری محکمے خاموش
حیدرآباد 28 ستمبر ( سیاست نیوز) تاریخی عمارت چارمینار کے ایک اور مینار کو بھی اب زعفرانی رنگ دیا جانے لگا ہے اور وہاں پر تلک لگاکر پوجا پاٹ شروع کردی گئی ہے ۔ حیرت کی بات ہے کہ انتہائی مصروف مقام پر اچانک پوجا پاٹ شروع کردی گئی اور حکام اس سے لاپرواہی برت رہے ہیں۔ اگر اس کو فوری روکا نہیں گیا تو اس سے مستقبل میں ایک اور مسئلہ پیدا ہونے اور غیر قانونی مندر تعمیر ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ بالکل سامنے چارمینار پولیس اسٹیشن موجود ہے اور وہاں یہ سب کچھ ہو رہا ہے لیکن ان سرگرمیوں پر ہر کوئی خاموشی اختیار کررہا ہے جس سے یہ شبہات بھی تقویت پا رہے ہیں کہ بالواسطہ طور پر ان سرگرمیوں کی اجازت دی جا رہی ہے اور ان کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے ۔ چارمینار کی ایک جانب جو مندر ہے وہی متنازعہ مانی جاتی ہے اور اس کے خلاف کئی مرتبہ ایوانوں میں بھی آواز اٹھائی گئی ہے مگر چارمینار کے دوسرے مینار پر بھی اس طرح کی پوجا پاٹ جیسی سرگرمیاں شروع ہوگئی ہیں جو باعث تشویش ہیں۔ اس مسئلہ پر متعلقہ سرکاری حکام ‘ محکمہ جات ‘ آثار قدیمہ ‘ پولیس اور خود شہر کے عوام کو بھی توجہ کرنے کی ضرورت ہے ۔