چارمینار کے دامن میں جشن سال نو کے بجائے این آر سی کیخلاف احتجاج

,

   

پرانے شہر کے نوجوانوں نے خوشی منانے سے گریز کیا ، شہر میں آتشبازی کے ساتھ 2020 ء کا استقبال

حیدرآباد ۔ /31 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے مختلف اضلاع اور شہر حیدرآباد میں عوام ، طلبہ و نوجوانوں نے سال نو 2020 ء کا پورے جوش و خروش کے ساتھ استقبال کیا ۔ تاہم پرانے شہر میں تاریخی چارمینار کے دامن میں مقامی نوجوانوں کی کثیرتعداد جمع ہوگئی اور سال نو کے موقع پر جشن کے بجائے احتجاج کیا گیا ۔ طلباء و نوجوان اپنے ہاتھوں میں قومی پرچم تھامے ہوئے تھے این آر ایس اور این پی آر کے خلاف نعرہ بازی کی ۔ سیاہ لباس میں ملبوس احتجاجیوں کہا کہ مرکز کے متعصب رویہ کے سبب ملک بھر کے مسلمانوں کو پریشان کن صورتحال کا سامنا ہے ان حالات میں ہم جشن نہیں مناسکتے ۔ کمشنر سٹی پولیس انجنی کمار نے تلگو تلی فلائی اوور پر سال نو کا کیک کاٹا اور اس موقع پر اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ 2020 ء حیدرآباد اور ساری ریاست کیلئے امن و خوشحالی کا باعث ہوگا اور اس سال بھی شہر میں امن و سکون کے ساتھ جرائم پر کنٹرول کیا جائے گا ۔ دونوں شہروں اور مضافات کے اکثر مقامات پر پولیس کے وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے ۔ سڑکوں پر شوروغل و ہنگامہ آرائی کے واقعات کے انسداد کیلئے پولیس تعینات کی گئی تھی ۔ اکثر مقامات پر عوام کی کثیرتعداد نے پرامن طریقہ سے سال نو کا جشن منایا ۔ بعض مقامات پر آتشبازی کی گئی ۔ مختلف ہوٹلوں ، پبس اور فنکشن ہالس میں جشن سال نو کے ضمن میں موسیقی کے پروگرام منعقد کئے گئے ۔ سڑکوں پر نوجوانوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے سال نو کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔