ٹریفک پولیس کی جانب سے مختلف امکانات پر غور ۔ بلدیہ کی جانب سے اجازت دئے جانے کی کوئی تجویز نہیں
حیدرآباد۔23اپریل(سیاست نیوز) چارمینار کے دامن میں ماہ رمضان کے دوران ٹھیلہ بنڈی تاجرین کو عارضی طور پر جگہ کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے! چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ پر مکمل عمل آوری کو یقینی بنانے کے بعد شہر بالخصوص چارمینار کے دامن میں یہ پہلا رمضان گذرے گا جہاں تجارتی سرگرمیاں ماند نظر آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہاہے لیکن عہدیداروں کا کہناہے کہ سال گذشتہ بھی راستہ بند ہی تھا لیکن اس کے باوجود بھی تجارتی سرگرمیاں عروج پر رہی لیکن اس مرتبہ چارمینار کے دامن میں صرف ان ٹھیلہ بنڈی رانوں کو تجارت کی اجازت دی جا رہی ہے جن کا مقدمہ عدالت میں زیر دوراں ہے اور اس کے علاوہ جو ٹھیلہ بنڈیاں لگائی جاتی تھیں ان ٹھیلہ بنڈی رانوں کو چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے حدود میں تجارت کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے اور انہیں وہاں سے ہٹا دیا گیا ہے ۔ ٹریفک پولیس کا کہناہے کہ ماہ رمضان کے دوران ٹھیلہ بنڈی رانوں کو خصوصی اجازت کی فراہمی پر غور کیا جا رہاہے لیکن اس مسئلہ کو ابھی قطعیت نہیں دی گئی ہے کیونکہ اس بات کا خدشہ ہے کہ اگر انہیں عارضی اجازت دی جائے تو انہیں دوبارہ وہاں سے منتقل کرنے مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مجلس بلدیہ کے عہدیداروں کا کہناہے کہ حکومت تلنگانہ اور محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے یہ واضح کیا جاچکا ہے کہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے حدود میں کسی بھی ٹھیلہ بنڈی کو عارضی یا مستقل جگہ کی فراہمی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اسی لئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے ایسی کسی تجویز پر غور نہیںکیا جا رہاہے بلکہ موجودہ ٹھیلہ بنڈی راں جو کہ عدالت سے حکم التوا حاصل کرکے چارمینار کے دامن میں میوہ فروخت کررہے ہیں ان کی منتقلی کیلئے جی ایچ ایم سی مقدمہ کا سامنا کر رہی ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ انہیں اس مقام سے منتقل کرکے ان کی بازآبادکاری کو یقینی بنایا جائے ایسے میں مجلس بلدیہ کی جانب سے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے حدود میں عارضی اجازت کی فراہمی کے متعلق کوئی منصوبہ نہیں ہے اور نہ ہی ایسا کرنے کی کسی اور محکمہ کو اجازت دی جائے گی کیونکہ دوبارہ ان تاجرین کو ہٹانے کیلئے جی ایچ ایم سی کو از سر نو اقدامات کرنے پریں گے۔ٹھیلہ بنڈی رانوں کا کہناہے کہ انہیں اگر ایک ماہ کے دوران تجارت کی اجازت فراہم کی جاتی ہے تو انہیں بہت بری راحت ملے گی۔ ٹھیلہ بنڈی رانوں نے بتایا کہ ان کی منتقلی کے وقت محکمہ ٹریفک پولیس کے اعلی عہدیداروں نے اس بات کا تیقن دیا تھا کہ انہیں ماہ رمضان المبارک دوران خصوصی اجازت فراہم کی جائے گی لیکن اب محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے اس منصوبہ کو مسترد کئے جانے کی اطلاع سے انہیں مایوسی ہوئی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ مقامی تاجرین کی جانب سے بھی ٹھیلہ بنڈی رانوں کو دوبارہ اس جگہ تجارت کی اجازت دینے کی مخالفت کی جا رہی ہے اور کہا جار ہاہے کہ ٹھیلہ بنڈی رانوں کی تجارت کے سبب علاقہ میں موجود دکانات کا کاروبار متاثر ہورہاہے اور پیدل راہرو علاقہ میں بھی گہما گہمی اور بدنظمی پیدا ہورہی ہے اسی لئے عارضی اجازت دینے کی بھی مقامی تاجرین کی جانب سے مخالفت کی جانے لگی ہے۔
