حکومت کو جعفر پاشاہ کی وارننگ، جامع مسجد دارالشفاء میں خطاب
حیدرآباد۔22 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے تاریخی چارمینار کے دامن میں اتوار کو سیر و تفریح کے پروگرام ’’سنڈے فنڈے‘‘ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اخلاقی بے راہ روی سے بچانے کیلئے اس پروگرام پر پابندی کی ضرورت ہے۔ جامع مسجد دارالشفاء میں جمعہ سے قبل خطاب میں جعفر پاشاہ نے سنڈے فنڈے پروگرام کو بند کرنے کے حق میں مصلیوں سے ہاتھ اٹھاکر تائید حاصل کی۔ انہوں نے حکومت کو وارننگ دی کہ اگر اس پروگرام کو بند نہیں کیا گیا تو مسلمان حکومت کا تخت الٹ کر رکھ دیں گے ۔ گزشتہ اتوار کو منعقدہ پروگرام اور سوشل میڈیا میں پروگرام کی تفصیلات کا حوالہ دیتے ہوئے جعفر پاشاہ نے کہا کہ حکومت نئے شہر کی طرح پرانے شہر کی تہذیب اور ثقافت کو بدلنا چاہتی ہے۔ حسین ساگر پر جس طرح ہر اتوار کو پروگرام شروع کیا گیا ہے، اسی طرز پر تاریخی چارمینار کے دامن میں ہر مہینہ میں دو اتوار کو سنڈے فنڈے پروگرام کی تجویز ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف گوشوں سے انہیں پروگرام میں پیش آئے واہیات سرگرمیوں کے بارے میں واقف کرایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے دوران مسلم نوجوانوں کو موسیقی پر رقص کرتے دیکھا گیا اور قریبی مساجد سے اذان کا احترام بھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر میں اس طرح کے پروگراموں کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ مسلم معاشرہ کو سماجی اور اخلاقی برائیوں سے روکنے کی ضرورت ہے۔ اس جانب توجہ دینے کے بجائے حکومت کی جانب سے رقص اور موسیقی اور ناچ گانے کی حوصلہ افزائی افسوسناک ہے ۔ مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں نے اس پروگرام پر اپنی ناراضگی جتائی ہے۔ گزشتہ اتوار کو ایک شام چارمینار کے نام کے عنوان سے شام موسیقی اور مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں نوجوانوں کو رقص کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس پروگرام میں مرد و خواتین کی کثیر تعداد شریک رہی اور بے پردگی اور چھیڑ چھاڑ کے واقعات کی اطلاعات ملی ہے۔ پرانے شہر کے نوجوانوں میں اس طرح کے کلچر کو فروغ دینے کے خلاف مولانا جعفر پاشاہ نے آواز اٹھائی اور اس پروگرام کو ہمیشہ کیلئے بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ ر