سیاحوں کے لیے تمام سہولتیں اور دکنی تہذیب کو اجاگر کرنے کا منصوبہ
حیدرآباد۔16۔اگسٹ(سیاست نیوز) چارمینار کے دامن میں ’وزیٹرس پلازہ‘ کے قیام کے ذریعہ سیاحوں کو سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے اور چارمینار کے دامن میں تعمیر کئے جانے والے اس وزیٹر پلازہ میں بیت الخلاء کی سہولت کے علاوہ 3D ٹورسٹ انفارمیشن سیل اور سیاحوں کے لئے افراد خاندان کے ساتھ وقت گذاری کے لئے جگہ فراہم کی جائے گی ۔ رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی نے اس منصوبہ کے سلسلہ میں اپنے ٹوئیٹر کے ذریعہ عوام کو واقف کرواتے ہوئے کہا کہ شہر حیدرآباد کے تاریخی چارمینار کے دامن میں تعمیر کئے جانے والے اس ٹورسٹ پلازہ میں عوام کو ممکنہ سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اس کی تعمیر میں دکنی تہذیب کی عکاسی کا خیال رکھا جائے گا۔انہوں نے مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کی جانب سے تیار کئے گئے اس منصوبہ کو منظر عام پرلاتے ہوئے کہا کہ شہر حیدرآباد کے اس تفریحی مرکز کے قریب بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ سیاحوں کو بہترین ماحول کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے ۔چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے دائرہ میںجی ایچ ایم سی کی جانب سے اس نئی عمارت کی تعمیر کا نیا منصوبہ ہے جس کا بیرسٹر اویسی نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ اس کی تعمیر میں حیدرآباد کی تاریخی عمارتوں کی جھلک کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کو مکمل کرنے کے سلسلہ میں کی جانے والی متعدد نمائندگیوں کے دوران ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے ایوان اسمبلی میں کہا تھا کہ ریاستی حکومت اس پراجکٹ کی عدم تکمیل کی سلور جوبلی منانے کا موقع فراہم نہیں کرے گی اور اب اس نئے منصوبہ کے اعلان کے بعد کہا جا رہاہے کہ جلد ہی جی ایچ ایم سی اس ٹورسٹ پلازہ کا منصوبہ اور نقشہ تیار کرچکی ہے اور کہا جا رہاہے کہ اس سلسلہ میں جلد ہی سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کام شروع کئے جائیں گے۔
