چارمینار کے دامن میں ڈپٹی ہائی کمشنر برطانیہ کی صفائی

,

   

گاندھی جینتی کے موقع پر سوچھ ابھیان
انڈریو فلیمنگ کے عمل سے شہری شرمسار، تاریخی حیدرآباد کو پاک و صاف رکھنے کی طرف اشارہ
حیدرآباد۔2اکٹوبر(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں گاندھی جینتی کے موقع پر تاریخی چارمینار کے دامن میں سڑک پر ڈالے جانے والے کچہرے کی صفائی کی مہم میں حصہ لیتے ہوئے مسٹر انڈریو فلیمنگ ڈپٹی ہائی کمشنر برطانیہ نے شہریان حیدرآباد کو شرمسار کردیا۔ تاریخی چارمینار کے دامن میں آج گاندھی جینتی کے موقع پر ’’سوچھ بھارت‘‘ ابھیان کے تحت کی گئی صفائی مہم کے دوران برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر نے کوڑا کرکٹ اٹھاتے ہوئے صفائی کے سلسلہ میں اپنا پیغام دیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ان کے فرزند بھی موجود تھے۔ مسٹر انڈریو فلیمنگ کی فرزند کے ساتھ کچہرا اٹھاتے ہوئے تصویر ان کی اہلیہ مسز وین فلیمنگ نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میرے شوہر اور فرزند اپنے دوستوں کے ساتھ چارمینار کے قریب کچہرے کی صفائی انجام دیتے ہوئے ۔ انہوں نے اس ٹوئیٹ کے ذریعہ توقع ظاہر کی کہ شہری بھی اپنی سڑکوں پر گندگی ڈالنے سے اجتناب کریں گے ۔ انہوں نے مزید لکھا کہ وہ یہ بات جانتی ہیں کہ شہر میں کچہرے دان قریب قریب نہیں مل پاتے لیکن شہری اپنے شہر کو جہاں تک ممکن ہوسکے صاف ستھرا رکھنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کی جانب سے تاریخی چارمینار کے دامن میں کی جانے والی اس صفائی مہم سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ گاندھی کے نظریات کس قدر مستحکم ہیں اور ان کے 150 ویں یوم پیدائش کے موقع پر جن کے خلاف گاندھی نے آزادی کی تحریک چلائی وہ اس ملک میں صفائی مہم میں حصہ لے رہے ہیں جس ملک پر ان کے اسلاف نے حکمرانی کی تھی ۔

مسٹر انڈریو فلیمنگ کے اس اقدام کی مختلف گوشوں سے پذیرائی کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ جن کے خلاف گاندھی نے جدوجہد کرتے ہوئے ملک کو آزاد کروایا آج وہ لوگ اس ملک میں کچہرے کی صفائی میں اپنا حصہ ادا کرتے ہوئے عوام کو ترغیب دے رہے ہیں اور جن لوگو ںکے لئے ملک کو آز اد کروایا گیا ان لوگوں کی جانب سے ملک کی سڑکوں پر گندگی پھیلائی جا رہی ہے جو کہ باعث شرم ہے۔شہر حیدرآباد میں کچہرے کی نکاسی کے سلسلہ میں متعدد مرتبہ توجہ دہانی کے باوجود بھی شہر سے گندگی صاف کرنے کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کوئی مستقل اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں بلکہ شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کے نام پر مہم چلاتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں سے فرار اختیار کیا جانے لگا ہے جس کے سبب شہرکے رہائشی اور تجارتی علاقوں میں صفائی کا فقدان پایاجاتا ہے۔