حیدرآباد ۔4۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے بی جے پی کی مہیلا مورچہ صدر کو تاریخی چارمینار کے دامن میں بتکماں پروگرام کے انعقاد کی اجازت دی ہے۔ جسٹس بی وجئے سین ریڈی نے مہیلا مورچہ کی ریاستی صدر بی شلپا ریڈی کو بھاگیہ لکشمی مندر کے قریب بتکماں کے اہتمام کی اجازت دی ۔ تاہم صرف 100 افراد کی شرکت کی ہدایت دی۔ یہ پروگرام پولیس کے تعاون سے منعقد کیا جائے۔ عدالت نے اے سی پی چارمینار کو ہدایت دی کہ شرائط کے تحت بتکماں پروگرام کی اجازت دی جائے اور ڈی جے میوزک پر پابندی رہے۔ عدالت نے کہا کہ پروگرام کے دوران کوئی سیاسی تقریر نہیں کی جانی چاہئے ۔ پروگرام کیلئے کوئی بھی وی آئی پی کو مدعو نہیں کیا جاسکتا ۔ واضح رہے کہ اے سی پی چارمینار نے بتکماں پروگرام کی اجازت سے انکار کیا تھا جسے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ۔ 1