غیرسماجی عناصر کی جانب سے معمول اور کرایہ کی جبراً وصولی
حیدرآباد : چارمینار کے قریب چھوٹے تاجرین کو معمول اور کرایہ نہ دینے پر غیرسماجی عناصر کی جانب سے ہراساں کیا جارہا ہے۔ آج یہ واقعہ پیش آیا جس میں دو چھوٹے تاجرین محمد ماجد علی اور محمد ناہید کو گنا نصیر نامی شخص نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ دونوں پر قاتلانہ حملہ کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ حملے میں ہاکی اسٹکس اور دیگر اشیاء کا استعمال کیا گیا جس کے نتیجہ میں چھوٹے تاجرین کو گہرے زخم آئے اور انہیں عثمانیہ دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے۔ متاثرین نے الزام عائد کیا کہ گنا نصیر اور اس کے ساتھی علاقہ میں چھوٹے تاجرین پر ظلم و ستم کررہے ہیں اور غیرمجاز طور پر کرایہ اور معمول وصول کررہے ہیں اور اس کی عدم ادائیگی پر تاجرین کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ اس واقعہ کے بعد چارمینار کے قریب ہلکی سی کشیدگی پھیل گئی اور زخمیوں کو دواخانہ منتقل کرنے کے بعد حسینی علم پولیس نے حملہ آوروں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 307 (اقدام قتل) کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور شواہد کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ بھی حاصل کی جارہی ہے۔