چارمینار کے پاس کتوں کی موجودگی سے لوگ خائف

   

کتوں کے خطرہ کی وجہ سیاح اور شہری فٹ پاتھس پر چلنے سے خوفزدہ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : شہر میں کتوں کے مسئلہ پر قابو پانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے سے متعلق گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) کے دعوؤں پر شہریوں نے تنقید کی ہے ۔ تشویشناک طور پر یہ مسئلہ تاریخی چارمینار کے قریب خطرناک ہوگیا ہے جہاں لوگ کتوں کے حملہ کے خطرہ کے باعث فٹ پاتھس پر چلنے سے خوفزدہ ہیں ۔ چارمینار کے پاس رہنے والے اور سیاح بھی اس علاقہ میں بڑی تعداد میں کتوں کی موجودگی سے خوفزدہ ہورہے ہیں ۔ سماجی کارکن محمد احمد نے کہا کہ گذشتہ چند دن سے یہ دیکھا جارہا ہے کہ کتوں کا ایک غول کم از کم ایک درجن کتے چارمینار کے قریب اور اس کے اطراف گھوم رہے ہیں جس کی وجہ لوگ ڈر ہے ہیں ۔ کتے بچوں کا پیچھا کررہے ہیں اور ان کے لیے خطرہ بن گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قبل ازیں اس ہفتہ جی ایچ ایم سی وٹرینری ڈپارٹمنٹ میں اس مسئلہ پر ایک شکایت درج کروائی گئی لیکن کچھ بھی نہیں کیا گیا ۔ متعلقہ عہدیداروں نے کہا کہ کتوں کو اسٹریلائز کیا گیا ہے اور وہ اس سے زیادہ کچھ نہیں کرسکتے ہیں ۔ ایک وزیٹر ، شنکر نے کہا کہ اگرچیکہ انہیں اسٹریلائز کیا گیا ہے پھر بھی وہ لوگوں کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں ۔ غذا کی تلاش میں وہ بیاگ یا غذائی اشیاء رکھنے والوں کا پیچھا کررہے ہیں ۔ چارمینار کے قریب کے ایک اسٹریٹ وینڈر ، خواجہ کے مطابق اگر کوئی ان سے چھٹکارا حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے تو وہ حملہ آور بن جاتے ہیں اور بھونکنا شروع کرتے ہیں ۔ یہاں اس طرح کے واقعات عام ہوگئے ہیں ۔ رابطہ کرنے پر ایک عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط کے ساتھ کہا کہ اگر کتوں کو اسٹریلائزیشن کے بعد پکڑا گیا تو انہیں اسی مقام پر چھوڑ دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈپارٹمنٹ جلد ہی چارمینار اور اس کے اطراف میں کتوں کے مسئلہ پر قابو کے اقدامات کرے گا ۔۔