چارمینار ‘ گولکنڈہ کو تاریخی مقامات کی یونیسف فہرست میں شامل کیا جائے

   

ڈائرکٹر جنرل آثار قدیمہ سے وزیر سرینواس گوڑ کی ملاقات، تاریخی عمارتوں کے تحفظ پر زور
حیدرآباد۔2 ۔ستمبر (سیاست نیوز) وزیر اکسائز و سیاحت وی سرینواس گوڑ نے نئی دہلی میں محکمہ آثار قدیمہ کے ڈاکٹر جنرل شریمتی ودیاوتی سے ملاقات کی اور تلنگانہ کی تاریخی و نادر عمارتوں کے تحفظ اور انہیں یونیسف کی فہرست میں شامل کرنے کی نمائندگی کی۔ سرینواس گوڑ نے تلنگانہ کے رامپا مندر ورنگل کو یونیسف کی فہرست میں شمولیت پر اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں تاریخی عمارتوں کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ مرکزی حکومت کو چاہئے کہ تاریخی عمارتوں کا تحفظ کرنے کیلئے قدم اٹھائے ۔ انہوں نے کہا کہ قلعہ گولکنڈہ ، ہزار ستون مندر ، باسرا اورچارمینار کو خصوصی شناخت کیلئے یونیسف کو تجاویز پیش کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں تاریخی گولکنڈہ کے احاطہ میں ساؤنڈ اینڈ لائیٹ شو کے احیاء اور سیاحوں کے لئے بہتر سہولتوںکی فراہمی کی درخواست کی ۔ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے عہدیداروںکی ٹیم کو تلنگانہ کا دورہ کرکے یادادری ، بھدراچلم اور محبوب نگر میں موجود تاریخی مندروں کا معائنہ کرنا چاہئے۔ ان قدیم اور تاریخی مندروں کی ترقی کیلئے مرکزی حکومت سے فنڈس کی اجرائی کی اپیل کی گئی۔ سرینواس گوڑ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تاریخی عمارتوں کے تحفظ کیلئے سنجیدہ ہیں اور عصری ٹکنالوجی سے یادادری مندر کی ترقی اور تزئین نو کا کام انجام دیا گیا گیا ۔ اس موقع پر تلنگانہ کے ٹورازم مینجنگ ڈائرکٹر منوہر اور اگزیکیٹیو ڈائرکٹر شنکر ریڈی موجود تھے ۔ R