انفرااسٹرکچر کی فراہمی کا تیقن، صدر نشین میڈیکل انفرااسٹرکچر کارپوریشن ڈاکٹر سرینواس نے معائنہ کیا
حیدرآباد۔/23 جنوری، ( سیاست نیوز) چارمینار یونانی ہاسپٹل اور ویمنس ہاسٹل کی عمارتوں کی تعمیر و مرمت کے علاوہ ہاسپٹل میں بنیادی انفرااسٹرکچر کی فراہمی پر حکومت نے توجہ مرکوز کی ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ میڈیکل سرویسس انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین ڈاکٹر ای سرینواس نے اعلیٰ عہدیداروں اور مقامی عوامی نمائندوں کے ساتھ نظامیہ طبی کالج اور گرلز ہاسٹل کا دورہ کیا۔ وزیر صحت ہریش راؤ نے حال ہی میں یونانی ہاسپٹل میں کورونا بوسٹر ڈوز کیمپ کا افتتاح کیا تھا۔ اس موقع پر ہاسپٹل کے مسائل اور خستہ حالی کے بارے میں تفصیلات حاصل کرنے کے بعد انہوں نے صدر نشین میڈیکل سرویسس انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو دورہ کی ہدایت دی ۔ کمشنر ڈپارٹمنٹ آف آیوش ڈاکٹر وی ایس الاگو ورسنی، مقامی رکن اسمبلی ممتاز احمد خاں اور یونانی ہاسپٹل کے ذمہ دار اس موقع پر موجود تھے۔ صدر نشین کارپوریشن نے عمارت کا مکمل طور پر معائنہ کیا اور کہا کہ کارپوریشن کی جانب سے عمارت کی مرمت کے علاوہ انفرااسٹرکچر کے سلسلہ میں تخمینہ تیار کرتے ہوئے حکومت کی منظوری حاصل کی جائے گی۔ ڈاکٹر سرینواس نے کہا کہ اس تاریخی اور قدیم یونانی دواخانہ کی عمارت فوری مرمت کی متقاضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تفصیلات کے ساتھ وزیر صحت ہریش راؤ کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔ اسی دوران رکن اسمبلی ممتاز احمد خاں نے کہا کہ 4کروڑ کی لاگت سے آڈیٹوریم کی تعمیر کا تخمینہ تیار کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ خصوصی گرانٹ کے ذریعہ ہاسٹل اور ہاسپٹل کی عمارت کی مرمت اور تزئین نو کا کام انجام دیا جائے گا۔ طویل عرصہ سے یہ عمارت حکام کی لاپرواہی کا شکار ہے۔ مریضوں کیلئے بہتر علاج کی سہولتوں کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرس کی کمی دور کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر صحت کے ہمراہ چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کرتے ہوئے ہاسپٹل کے دورہ کی خواہش کی جائے گی۔ر