واشنگٹن ۔ 2 اگست (ایجنسیز) امریکی خلائی ایجنسی ناسا کے مطابق چار خلاباز ہفتہ کے روز ایک اسپیس ایکس کیپسول کے ذریعہ 15 گھنٹے کے سفر کے بعد بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر پہنچ گئے۔ اس مشن کی قیادت امریکی خاتون خلاباز زینا کارڈمین کر رہی ہیں۔ دیگر عملے میں امریکی خلاباز مائیکل فنک، جاپانی خلاباز کیمیا یْوئی، اور روسی خلا نورد اولیگ پلاٹونوف شامل ہیں۔ یہ عملہ ایک دن قبل ایلون مسک کی خلائی کمپنی اسپیس ایکس کے فالکن نائن راکٹ کے ذریعہ امریکی ریاست فلوریڈا کے کیپ کینیورل خلائی مرکز سے روانہ ہوا۔ یہ اسپیس ایکس کا آئی ایس ایس کے لیے 11 واں باقاعدہ عملہ بردار مشن ہے۔ خلاباز آئندہ کئی ماہ تک زمین سے تقریباً 400 کلومیٹر بلندی پر گردش کرنے والے خلائی اسٹیشن پر قیام کریں گے اور سائنسی تجربات انجام دیں گے۔ اس وقت آئی ایس ایس پر کل 11 خلاباز موجود ہیں، تاہم یہ نیا عملہ مارچ سے موجود چار خلابازوں کی جگہ لے گا، جو آئندہ دنوں میں زمین پر واپس لوٹیں گے۔