چار خواتین کے قتل کا شبہ ‘ سیرئیل کلر گرفتار

   

حیدرآباد 29 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) ایک مشتبہ سیرئیل کلر کو محبوب نگر ضلع میں گرفتار کرلیا گیا ہے جس پر شبہ ہے کہ اس نے چار خواتین کو ہلاک کیا ہے ۔ پولیس کے بموجب 42 سالہ وائی سرینو کو جمعہ کو چار خواتین کو گذشتہ ایک سال کے دوران ہلاک کرنے کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ اس پر شبہ ہے کہ وہ تاڑی کی دوکانوں میں آنے والی تنہا خواتین کو نشانہ بنایا کرتا تھا جو زیورات پہنی ہوتی تھیں۔ ان خواتین سے دوستی کرنے کے بعد وہ ان کے زیورات کا سرقہ کرلیا کرتا اور انہیں ہلاک کردیا کرتا تھا ۔ سرینو کی شریک حیات کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے جس پر زیورات کی چوری کا الزام ہے ۔ اس شخص کو پہلے بھی قتل کے 10 دوسرے مقدمات میں گرفتار کیا گیا تھا اور اسے 2007 میں اپنے ہی بھائی کے قتل میں عمر قید کی سزا ہوئی تھی ۔ اگسٹ 2018 میں رہائی کے بعد سے اس نے مختلف جرائم کئے اور چار خواتین کو ہلاک کردیا ۔ پولیس کے بموجب یہ شراب نوشی کا عادی ہے اور یہ تاڑی دوکانوں میں زیورات پہنے تنہا آنے والی خواتین کو نشانہ بناکر ارتکاب جرم کیا اکرتا تھا ۔