لندن ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) روایت پسند ملک انگلینڈ کی جانب سے چار روزہ ٹسٹ میچوں کی مکمل حمایت پر تیاری کے اعلان کے بعد امکان ہے کہ 2023ء سے پانچ روزہ ٹسٹ میچز ماضی کا قصہ بن کر رہ جائیں گے کیونکہ ذرائع کے مطابق ای سی بی ترجمان نے بھی اس پہلو کی نشاندہی کردی ہے کہ آئی سی سی کا نیا منصوبہ نظام العمل کی بہتری کے ساتھ کھلاڑیوں کو بوجھ سے بھی نجات دلا دے گا۔ای سی بی ترجمان نے انگلش میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا کہ چار روزہ ٹسٹ میچوں کی بدولت کھلاڑیوں کو مصروف شیڈول سے نجات مل جائے گی کیونکہ یہی واحد حل ہے جس کے سہارے ان پر موجود اضافی بوجھ کو کم کیا جا سکتا ہے اور عالمی سطح پر کھیلے جانے والے اس کھیل میں کافی بہتری دیکھنے میں آئے گی۔ ای سی بی ترجمان نے واضح کیا کہ وہ یقینی طور پر چار روزہ ٹسٹ میچوں کے حق میں ہیں لیکن کسی حد تک ہچکچاہٹ کے ساتھ کیونکہ کھلاڑیوں کے نکتہ نظر سے یہ کافی جذباتی فیصلہ بھی ہو سکتا ہے جبکہ شائقین کرکٹ اور دیگر افراد بھی اسے ٹسٹ کرکٹ کے روایتی انداز سے متصادم اور اس ورثے کیلئے چیلنج بھی سمجھ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ آئی سی سی 2017 سے چار روزہ ٹسٹ میچوں کے انعقاد پر کام کر رہی ہے ۔