نئی دہلی، 22 فروری (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ہم وطنوں کو رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے تہواروں میں غیر ملکی اشیاء سے دور رہنے اور مقامی مصنوعات (سودیشی) اپنانے کی اپیل کی ہے ۔ وزیر اعظم نے اپنے ماہانہ پروگرام ”من کی بات” میں آج کہا کہ ان دنوں رمضان چل رہا ہے ۔ میں اس مقدس مہینے کے لیے سب کو نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ کچھ ہی دنوں بعد ہولی کا تہوار بھی آ رہا ہے ۔ یعنی رنگ، گلال اور ہنسی خوشی سے بھرا وقت دستک دینے والا ہے ۔ آپ سب اپنے کنبے اور اپنوں کے ساتھ خوشی کے ساتھ تمام تہوار منائیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ منتر ہمیشہ یاد رکھیں، جیسے ‘ووکل فار لوکل’۔ ہماری ہولی یا دیگر کسی بھی تہوار میں بہت سے ایسے ساز و سامان شامل ہو گئے ہیں جو غیر ملکی ہیں۔ انہیں تہواروں سے دور رکھیے ، ہولی سے بھی دور رکھیے ، سودیشی اپنائیے ۔ جب آپ سودیشی خریدتے ہیں تو ملک کو خود کفیل (آتم نربھر) بنانے کی مہم میں بھی مدد کرتے ہیں۔