چار سال کے دوران ملک بھر میں 230 سیاسی قتل

   

جھارکھنڈ سرفہرست ، مغربی بنگال دوسرے نمبر پر ، لوک سبھا میں مملکتی وزیر داخلہ کا بیان
حیدرآباد۔4اگسٹ(سیاست نیوز) ملک بھر میں گذشتہ 4برسوں کے دوران 230 سیاسی قتل کی وارداتیں پیش آئی ہیں اور ان قتل کی وارداتوں میں یقینی طور پر سیاسی محرکات شامل رہے ہیں۔ مرکزی حکومت کے مملکتی وزیر برائے داخلہ مسٹر نتیانند رائے نے لوک سبھا میں دیئے گئے بیان کے دوران اس بات کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ہونے والی سیاسی قتل کی وارداتوں میں سب سے زیادہ قتل جھارکھنڈ میں ہوئے ہیں جہاں مقتول کی تعداد 49 رہی جبکہ مغربی بنگال میں 27 سیاسی قتل کے واقعات پیش آئے ہیںاور بہار میں 26سیاسی قتل ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ مملکتی وزیر داخلہ نے بتایا کہ سال 2017کے دوران ملک بھر میں 100افراد کا سیاسی مخاصمت کے سبب قتل کیا گیا جبکہ 2018 میں 59سیاسی قتل کے واقعات پیش آئے ہیں۔ 2019میں 72 سیاسی قتل کے واقعات پیش آئے ہیں سال 2017 سے 2019کے دوران کرناٹک میں سیاسی قتل کی 24وارداتیں پیش آئی ہیں جبکہ مہاراشٹرا کے علاوہ کیرالہ میں 15 سیاسی قتل کی وارداتیں اور مہاراشٹرا میں 15 قتل کی وارداتیں اس مدت کے دوران ریکارڈ کی گئی ہیں۔