چار فیصد مسلم تحفظات کی 10 سال تک توسیع کا خیرمقدم

   

چیف منسٹر سے اظہارتشکر، مکہ مسجد ملازمین کی تنخواہیں فوری جاری کرنے محمد محمود علی کی ہدایت
حیدرآباد : ریاستی وزیرداخلہ محمد محمود علی نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے 4 فیصد مسلم تحفظات میں 10 سال کی توسیع دینے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے معاملے میں عہد کی پابند ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر مسلمانوں کی تعلیمی معاشی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے کئی عملی اقدامات کئے ہیں۔ غریب مسلم طلبہ کو کارپوریٹ طرز کی مفت تعلیم فراہم کرنے کیلئے 200 سے زائد اقلیتی اقامتی اسکولس اور 50 سے زیادہ جونیر کالجس قائم کئے ہیں جن میں ہزاروں مسلم طلبہ زیرتعلیم ہیں۔ اقلیتی اقامتی اسکولس و کالجس میں مسلم طلبہ کو معیار تعلیم کے ساتھ مفت قیام و طعام کی سہولتیں بھی فراہم کی جارہی ہے۔ اس طرح کا اقدام ملک کی کسی اور ریاست میں نہیں ہے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ چار فیصد مسلم تحفظات میں سینکڑوں مسلم طلبہ کو تعلیم اور ملازمتوں میں فائدہ ہورہا ہے۔ چار فیصد مسلم تحفظات مسلمانوں کی ترقی میں معاون و مددگار ثابت ہورہا ہے۔ چار فیصد مسلم تحفظات میں 10 سال کی توسیع دینے پر وہ چیف منسٹر کے سی آر سے اظہارتشکر کرتے ہیں اور ساتھ ہی مسلمانوں کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ وزیرداخلہ محمد محمود علی والدین اور اولیائے طلبہ سے درخواست کی ہیکہ وہ اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے چار فیصد مسلم تحفظات سے بھرپور استفادہ کریں۔ اپنی معیشت کے ساتھ بچوں کے مستقبل کو تابناک بنائیے۔ وزیرداخلہ نے مکہ مسجد کے ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر محکمہ اقلیتی بہبود کے پرنسپل سکریٹری احمد ندیم سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے فوری تنخواہوں کی اجرائی پر زور دیا، جس پر احمد ندیم نے اس مسئلہ کو فوری حل کرنے کا وزیرداخلہ کو تیقن دیا۔