پرانا شہر میں برقی ، آبرسانی کے مسائل کی یکسوئی ، میٹرو لائن کی تعمیر کا جلد آغاز : کے سی آر
’جب تک سورج چاند رہے گا تلنگانہ میں فرقہ وارانہ
امن و امان رہے گا ‘ ، اسمبلی میں کے سی آر کا بیان
موسیٰ ندی میں صاف پانی کے بہاؤ کو یقینی بنایا جائے گا
شہر میں عنقریب 350 بستی دواخانوں کا قیام
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز): چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اقلیتوں کو فراہم کئے جانے والے موجودہ چار فیصد تحفظات کی برقراری کو یقینی بنانے کے لیے سپریم کورٹ میں جدوجہد کرنے کے معاملہ میں ریاستی حکومت کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی اور تحفظات کی برقراری کے لیے سپریم کورٹ میں جاری مقدمہ کے لیے نامور وکلاء کی خدمات حاصل کرنے کے ریاستی حکومت اقدامات کرے گی ۔ آج ایوان میں گورنر کے خطبہ پر پیش کردہ تحریک تشکر پر ہوئے مباحث کا جواب دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ اقلیتوں کے درپیش مختلف مسائل کی یکسوئی پر اولین ترجیح دی جائے گی اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے مختص کیے جانے والے بجٹ کی تمام رقومات کو خرچ کرنے کے لیے موثر اقدامات کئے جائیں گے ۔ گریٹر حیدرآباد شہر میں بہت جلد 350 بستی دواخانے قائم کئے جارہے ہیں علاوہ ازیں پرانے شہر حیدرآباد میں عثمانیہ دواخانے کی طرز کا ایک اور بڑا ہاسپٹل قائم کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ میں بھی اراضی وغیرہ کی نشاندہی کرنے پر ہاسپٹل قائم کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے موسی ندی کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ بہت جلد موسیٰ ندی کی گندگی کو ختم کر کے موسی ندی کے سابق موقف کو بحال کر دکھایا جائے گا ۔ بلکہ موسی ندی میں صاف پانی کے بہاؤ کو یقینی بنایا جائے گا ۔ پرانے شہر میں پانی کی سربراہی کا تذکرہ کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ سابق کے مقابلہ میں پرانے شہر میں پانی سربراہی کی مقدار میں بڑے پیمانے پر اضافہ کیا گیا جس کی وجہ سے کہیں سے بھی پانی کی قلت سے متعلق شکایات وصول نہیں ہورہی ہے اور نہ ہی کہیں بھی خالی گھڑوں کے ساتھ احتجاجی مظاہرے نہیں ہورہے ہیں ۔ پرانے شہر میں میٹرو ٹرین کا تذکرہ کرتے ہوئے چیف منسٹر نے بتایا کہ سابق میں خود مجلس نے بعض مسائل کی بنیاد پر میٹرو ٹرین کے راستہ میں تبدیل کی خواہش کی تھی لیکن پرانے شہر میں میٹرو ٹرین کے لیے درپیش تمام مسائل کی یکسوئی کرلی گئی ہے اور بہت جلد میٹرو ٹرین کے کاموں کا پرانے شہر میں آغاز ہوگا ۔ چیف منسٹر مسٹر اکبر الدین اویسی کی جانب سے پیش کردہ دیگر تمام مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کے لیے موثر اقدامات کا واضح تیقن دیا ۔ پولیس کو ایک منفرد مقام حاصل ہے انہوں نے کہا کہ جب تک سورج چاند رہے گا ریاست تلنگانہ میں گنگا جمنی تہدیب و فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رہے گی ۔ بعد ازاں قائد مجلس مقننہ پارٹی نے چیف منسٹر سے وضاحت طلب کر کے یاد دلایا کہ عثمانیہ یونیورسٹی کی حالت انتہائی ابتر ہوچکی ہے ۔ اور اس یونیورسٹی کا یو جی سی کی جانب سے ایکریڈیٹیشن منسوخ کرنے کا خدشہ پایا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ اوقافی املاک کا تحفظ کرنے ، دواخانہ عثمانیہ کی کارکردگی میں بہتری پیدا کرنے اسلامک کلچر سنٹر کا جلد سے جلد قیام عمل میں لائے ۔ ریاستی وقف بورڈ کے لیے ارکان پارلیمان و اسمبلی زمرہ کے ارکان کا انتخاب عمل میں لانے کے لیے اقدامات کئے جائیں ۔ چیف منسٹر نے اس سلسلہ میں وہ عاجلانہ اقدامات کرنے کا واضح تیقن دیا ۔ اسمبلی اجلاس کی کارروائی کو اسپیکر اسمبلی نے کل یعنی 8 مارچ ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا ۔۔