چار مرتبہ کے مسٹر انڈیا آشیش ساکھرکر43 سال کی عمر میں موت

   

ممبئی۔ آشیش ساکھرکر ایک ممتاز باڈی بلڈر، چار بارکے مسٹر انڈیا اور مسٹر یونیورس میں سلور اور برونز میڈل جیتنے والے کی طویل علالت کے بعد موت ہوگئی۔ خبرکی تصدیق کرتے ہوئے انڈین باڈی بلڈرز فیڈریشن کی جنرل سکریٹری (مس) ہیرل شیٹھ نے کہا کہ پریل کا رہنے والا 43 سالہ ساکھرکر صحت کے کچھ مسائل سے دوچار تھا اور اسے ایک ہفتہ قبل جنوبی ممبئی کے ایک اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ 80 کیلوگرام زمرے میں باڈی بلڈر ساکھرکر نے کئی قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز حاصل کئے تھے اور انہیں مہاراشٹر حکومت کے شیو چھترپتی ایوارڈ سے نوازاگیا تھا۔ چیف منسٹر ایکناتھ شندے نے ساکھرکر کے نقصان پر سوگ کا اظہار کیا جس نے ملک کو شہرت دلائی اور ان کے انتقال سے باڈی بلڈنگ برادری کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ شیو سینا (یو بی ٹی) کے رہنما آدتیہ ٹھاکرے نے ساکھرکر کے انتقال پر غم کا اظہار کیا اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔سوشیل میڈیا پر ان کے مداحوں میں موت پر غم کی لہر دوڑ گئی، کچھ لوگوں نے اسے ریاستی باڈی بلڈنگ کھیل کے لیے ایک دورکا خاتمہ قرار دیا۔