چاقوزنی کی واردات میں ریونیو اسسٹنٹ دستگیر اور ان کے بھائی مولانا زخمی

   

جگتیال /29 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ کے جگتیال ضلع میں تین افراد نے دستگیر اور ان کے چھوٹے بھائی مولانا پر چاقوؤں سے حملہ کرتے ہوئے زخمی کردیا ۔ یہ واقعہ منگل کی رات ملیال منڈل کے بلونتاپور گاؤں میں پیش آیا ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زخمی دستگیر بلونتاپور گاؤں کے ریونیو اسسٹنٹ کے طور پر کام کرتے ہیں ۔ ان پر اسی گاؤں میں موٹر سائیکل پر سوار تین افرادنے چاقو سے حملہ کیا ۔ جس سے وہ زخمی ہوگئے ۔ زخمی دستگیر اور ان کے چھوٹے بھائی مولانا کو علاج کیلئے جگتیال ایریا ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ہے اور ڈاکٹر ان کا علاج کر رہے ہیں موٹر سائیکل پر آنے والے تین حملہ آوروں میں سے ایک کی شناخت بلونتاپور گاؤں کے ہریش کے طور پر ہوئی ہے اور دیگر دو افراد کی شناخت کیلئے پولیس کی جانب سے اقتدامات کئے جارہے ہیں ۔ جائے وقوعہ پر پہونچ کر پولیس نے واقعہ کی تفصیلات جاننے کی کوشش کی ۔ تاحال اس بات کا پتہ نہیں چل سکا کہ حملہ کی وجہ کیا ہے ۔ پولیس اس معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے ۔