چالانات کی وصولی کیلئے گاڑی مالکین کو ہراساں نہ کرنے ہائیکورٹ کی ہدایت

   

بائیک کی چابی چھین لینے سے گریز کریں، عوام کو رضاکارانہ طور پر ادائیگی کا اختیار

حیدرآباد 20 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے ٹریفک چالانات کے سلسلہ میں عوام کو بڑی راحت دیتے ہوئے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ وہ زیرالتواء چالانات کی ادائیگی کے لئے شہریوں پر دباؤ نہ ڈالے۔ عدالت نے پینڈنگ چالانات کے حصول کے لئے گاڑیوں کو روکنے کی بھی مخالفت کی۔ عدالت نے کہاکہ کوئی بھی شہری جو زیرالتواء چالان ادا کرنا چاہتا ہے وہ اپنے اختیار اور مرضی کے مطابق ادائیگی کے لئے پابند ہے۔ اگر پولیس چالانات کی ادائیگی کے لئے قانونی کارروائی کرنا چاہتی ہے تو وہ نوٹس جاری کرسکتی ہے۔ عدالت نے گاڑیوں کی چابیاں چھین لینے اور دیگر اقدامات کے خلاف پولیس کو پابند کیا۔ وی راگھویندر چاری ایڈوکیٹ نے عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے پینڈنگ چالانات کے حصول کے لئے پولیس کی مبینہ طور پر ہراسانی کی شکایت کی۔ درخواست گذار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس کی جانب سے بائیک گاڑی کی چابیاں حاصل کرلی جاتی ہیں اور ادائیگی کے لئے اصرار کیا جارہا ہے۔ عدالت نے کہاکہ گاڑی روکنے پر اگر کوئی شخص رضاکارانہ طور پر چالان ادا کرنا چاہے تو پولیس اُسے حاصل کرسکتی ہے۔ چالان کی ادائیگی سے انکار کی صورت میں ازروئے قانون کورٹ نوٹس دی جاسکتی ہے۔ درخواست گذار نے پولیس کی جانب سے چالانات کی جبری وصولی کی شکایت کی اور درخواست گذار کی جانب سے وجئے گوپال ایڈوکیٹ نے دلائل پیش کئے۔ عدالت نے ٹریفک پولیس کو ہدایت دی کہ وہ چالانات کے نام پر عوام کے لئے مشکلات پیدا نہ کریں۔ ہائیکورٹ کے اِس فیصلہ سے تلنگانہ میں گاڑیوں بالخصوص بائیک رائیڈرس کو راحت ملے گی۔1