حیدرآباد /2 اگست ( پریس نوٹ ) مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن کا ماہانہ اجلاس بضمن رویت ہلال ماہ ذوالحجتہ الحرام 1440ھ زیر نگرانی مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری معتمد صدر مجلس علماء دکن آج شام حسینی بلڈنگ معظم جاہی مارکٹ میں منعقد ہوا ۔ شہر میں مطلع ابرآلود تھا ۔ چاند نظر نہیں آیا ۔ البتہ دہلی ، پٹنہ (خانقاہ پھلواری شریف ) ، کلکتہ اور ترملگری ( ٹاملناڈ) سے عام رویت کی اطلاعات ملیں ۔ لہدا تحت احکام شرعیہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن اعلان کرتی ہے کہ بتاریخ 3 اگست 2019ء بروز ہفتہ یکم ذوالحجتہ الحرام 1440ھ ہوگی ۔پیر 12 اگست کو عیدالاضحی واقع ہوگی۔ اس اجلاس میں مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری ، مولانا مفتی خلیل احمد ، مولانا سید حسن ابراہیم حسینی سجاد پاشاہ قادری ، مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ اور جناب قاضی سید نور اللہ فاروق عارفی نے شرکت کی ۔
شیعہ مجلس علماء کی تصدیق
٭٭ جناب سید علی اصغر کی اطلاع کے مطابق کل ہند شیعہ مجلس علماء و ذاکرین نے یہ اعلان کیا ہے کہ شہر حیدرآباد میں بارش ہو رہی تھی ۔ اس لئے چاند کی تصدیق نہ ہوسکی ۔ البتہ ہندوستان کے دیگر مقامات سے رویت کی تصدیق ہوچکی ہے ۔ لہذا 3 اگست شنبہ کو یکم ذی الحجہ 1440ھ ہوگی ۔
