حیدرآباد۔/17 اگسٹ، ( پریس نوٹ ) مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن کا ماہانہ اجلاس بضمن رویت ہلال ماہِ صفر المظفر 1445زیر نگرانی حضرت مولانا سید شاہ حسن ابراہیم حسینی قادری سجاد پاشاہ معتمد صدر مجلس علماء دکن 29 محرم 17 اگسٹ منعقد ہوا، ملک کے اکثر مقامات میں بارش ہے اور دیگر مقامات پر مطلع ابر آلود ہونے سے کہیں سے رویت ہلال کی اطلاع نہیں ملی، اس لئے تحت احکام شرعیہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن اعلان کرتی ہے کہ کل 18 اگسٹ جمعہ 30 محرم 1445ھ ہوگی۔ اجلاس میں مولانا سید حسن ابراہیم حسینی قادری سجاد پاشاہ معتمد ،مولانا مفتی خلیل احمد ، مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ ‘مولانا مفتی سید صغیر احمد نقشبندی ، مولانا سید شیخن احمد شطاری کامل پاشاہ ، مولانا سید وصی اللہ حسینی قادری ، مولانا مشہود احمد ، مولانا ڈاکٹر سید علی حسینی قادری علی پاشاہ اور جناب قاضی سید نور اللہ فاروقی عارفی نے شرکت کی ۔
شیعہ علماء کا بیان
سید علی اصغر جعفری کی اطلاع کے مطابق کُل ہند شیعہ علماء و ذاکرین نے یہ اعلان کیا کہ شہر میں چاند نظر نہیں آیا اور نہ ہی کہیں سے رویت کی اطلاع ملی لہذا 18 اگسٹ جمعہ کو 30 محرم الحرام 1445ھ ہوگی اور19 اگسٹ شنبہ کو یکم صفر المظفر 1445ھ ہوگی۔ اس کی تصدیق حسب ذیل علماء کرام نے کی : مولانا سید نبی حسن زیدی، مولانا ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آقا، مولانا رضا عباس خاں، مولانا سید جواد عابدی اور مولانا سید محبِ عابد ۔