حیدرآباد۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن کا ماہانہ اجلاس بضمن رویت ہلال ماہ شوال 1442ھ زیر نگرانی حضرت مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری معتمد صدر مجلس علماء دکن آج شام حسینی بلڈنگ معظم جاہی مارکٹ میں منعقد ہوا۔ شہر میں مطلع ابر آلود تھا، چاند نظر نہیں آیا ۔ اس کے علاوہ رویت ہلال کمیٹی گلبرگہ شریف سے اطلاع ملی کہ منگلور اور بیلاری میں بھی مطلع صاف ہے چاند نظر نہیں آیا نیز چینائی، کڑپہ، کرنول، کدری، اننت پور، رائچور، ناندیڑ، اورنگ آباد، شولا پور، سورت، گجرات ، دہلی ، فرنگی محل لکھنؤ اور بھوپال سے اطلاعات ملیں کہ مطلع کہیں صاف اور کہیں جزوی ابر آلود ہے اور کہیں بھی چاند نظر نہیں آیا۔ لہذا تحت احکام شرعیہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی اعلان کرتی ہے کہ بتاریخ 13 مئی 2021 بروز جمعرات 30 رمضان المبارک ہوگی۔ اس اجلاس میں حضرت مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری شطاری، حضرت مولانا مفتی خلیل احمد صاحب، حضرت مولانا سید حسن ابراہیم حسینی قادری سجاد پاشاہ، حضرت مولانا سید محمود پاشاہ قادری زرین کلاہ، مولانا سید اولیاء حسینی قادری مرتضیٰ پاشاہ ، مولانا سید آل مصطفی قادری الموسوی علی پاشاہ، مولانا ڈاکٹر سید علی حسینی قادری، مولانا مشہود احمد اور جناب قاضی سید نور اللہ فاروق عارفی نے شرکت کی۔
شیعہ علماء کا بیان
٭ سید علی اصغر جعفری کی اطلاع کے مطابق کُل ہند شیعہ مجلس علماء و ذاکرین نے یہ اعلان کیا ہے کہ شہر حیدرآباد میں چاند نظر نہیں آیا اور نہ ہی کہیں سے رویت ثابت ہوپائی۔ لہذا 13 مئی 2021ء کو 30 رمضان المبارک 1442 ھ ہوگی اور 14 مئی جمعہ 2021 ء کو یکم شوال 1442 ھ ہوگی۔ اس کی تصدیق حسب ذیل علماء کرام نے کی ہے۔ مولانا سید نبی حسن زیدی، مولانا ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آقا، مولانا رضا عباس خاں، مولانا سید جواد عابدی، مولانا سید محبِ عابد اور مولانا سید محمد علی۔