چاکنا واڑی گوشہ محل میں سڑک میں دراڑ، کمشنر جی ایچ ایم سی کا دورہ

   

حیدرآباد 30 جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد کے گوشہ محل میں چاکنا واڑی روڈ ایک سال کی مدت میں پانچ مرتبہ دھنس گئی۔ اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم ایک ٹریکٹر، ایک کار اور ایک بائیک سڑک کی کھائی میں گرگئے۔ مقامی مکینوں نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کمشنر ایم بھارتی سے ملاقات کرتے ہوئے اس مسئلہ کو مستقل طور پر حل کرنے کی اپیل کی۔ جی ایچ ایم سی نے اس مسئلہ کو مستقل طور پر حل کرنے کی کوشش میں ایک ہی دن میں ٹنڈر جاری کرکے جنگی پیمانے پر کام کو انجام دینے کا فیصلہ کیا۔ حیدرآباد میئر جی وجئے لکشمی نے خیریت آباد زونل کمشنر انوراگ جینتی کے ساتھ مقام کا معائنہ کیا۔ گوشہ محل میں نالہ سڑک کے بار بار گرنے سے حیدرآباد میں بنیادی ڈھانچہ کے لئے وسیع تر مسئلہ کو اُجاگر کیا ہے۔ ناقص دیکھ بھال، غیر مؤثر مرمت اور تاخیری کارروائی کی وجہ سے اکثر رکاوٹیں پیدا ہوتی ہیں۔ مقامی شہریوں کو اُمید ہے کہ موجودہ کام کو بڑی احتیاط سے انجام دیا جائے گا تاکہ اس طرح کے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔ (ش)