ٹوکیو ۔ 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چین کے وزیرخارجہ وانگ لیی نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہانگ کانگ چین کا حصہ ہے۔ چین کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اس وقت ہانگ کانگ میں کیا ہورہا ہے کیونکہ دوسری طرف ہانگ کانگ میں جمہوریت حامی عوام ہفتہ کے اواخر میں کمیونٹی سطح پر منعقد کئے جانے والے انتخابات میں زبردست کامیابی کی توقع کررہے ہیں۔ اتوار کے روز منعقدہ انتخابات کے نتائج کے بعد یہ بات سامنے آجائے گی کہ ہانگ کانگ میں جاری تحریک کو عوام کی کثیر تعداد کی حمایت حاصل ہے جس نے ہانگ کانگ کو کئی ماہ سے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ ہنوز جاری ہے تاہم کچھ جزوی نتائج سامنے آنے کے بعد یہ رجحان واضح ہوگیا ہے کہ جمہوریت کی تائید کرنے والے امیدواروں کو کامیابی ملے گی حالانکہ یہ نتائج آخری نہیں ہیں اور قطعی نتائج کا انتظار کیا جارہا ہے۔ جاپانی وزیراعظم شینزوابے سے ٹوکیو میں ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وانگ لی نے یہ بات کہی۔