چترارامچندرن نے انٹر میڈیٹ پرچہ جات کی جانچ کا معائنہ کیا

   

Ferty9 Clinic

مقررہ وقت پر کام کی تکمیل اور احتیاطی اقدامات پر اظہار اطمینان
حیدرآباد۔/16 مئی، ( سیاست نیوز) اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ تعلیم شریمتی چترارامچندرن ( آئی اے ایس ) نے سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل ( آئی اے ایس ) کے ہمراہ انٹر میڈیٹ پرچہ جات کے جانچ مراکز کا اچانک دورہ کرتے ہوئے پرچوں کی جانچ کے کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کستوربا گاندھی ویمنس کالج ، ویسٹ ماریڈ پلی اور سکندرآباد میں واقع جانچ کے مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے احتیاطی اقدامات اور حکومت کی ہدایات کے مطابق وائرس سے بچاؤ تدابیر کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے تمام جانچ ہالس اور اسٹرانگ روم کا بھی معائنہ کیا اور ممتحن افراد سے بات چیت کی۔ چترارامچندرن نے ممتحن افراد سے حکومت کی جانب سے دی گئی سہولتوں اور ان کے مسائل کے بارے میں سوالات کئے۔ انہوں نے لاک ڈاؤن کے باوجود پرچوں کی جانچ کے کام میں حصہ لینے پر لکچررس کی ستائش کی اور اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مقررہ وقت پر یہ کام مکمل ہوجائے گا۔ سید عمر جلیل نے بورڈ آف انٹر میڈیٹ کی جانب سے تمام مراکزپر کئے گئے احتیاطی اقدامات بشمول تھرمل اسکریننگ، روزانہ صفائی، سینٹائزرس، ماسکس کے علاوہ ٹرانسپورٹ اور غذا کی سہولت سے واقف کرایا۔ 12 اضلاع میں 15,312 ممتحن پرچوں کی جانچ میں مصروف ہیں۔