چتوڑ گڑھ: راجستھان پولیس کے یوم تاسیس کے موقع پر پولیس لائن میں منعقد ایک پروگرام میں ضلع کے 46 پولیس اہلکاروں کو ان کے شاندار کام کیلئے اعزاز سے نوازا گیا اور یہاں کئی دوسرے پروگرام منعقد کئے گئے ۔ اس موقع پر ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راجن دشینت نے کہا کہ راجستھان پولیس اپنی شاندار روایات کے مطابق امن و امان اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے ساتھ تشدد اور جرائم کی روک تھام کیلئے پرعزم ہے ۔ پولیس کے جوانوں نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئی مواقع پر ایثار و قربانی کی انوکھی مثالیں پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے ورکنگ سسٹم میں مسلسل بہتری لانے کے ساتھ ہی عام شہریوں کے تئیں حساسیت کے ساتھ کام کرتے ہوئے پولیس اور مستقل عوام دوست کا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار اپنے نصب العین کو مدنظر رکھتے ہوئے شہریوں کی خدمت اور جرائم پیشہ افراد میں خوف و ہراس کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں۔ محکمہ پولیس میں دیانتداری اور شاندار خدمات کیلئے10 سال کی مسلسل بے داغ خدمات مکمل کرنے پر 46 پولیس اہلکاروں کو بہترین سروس کا نشان اور 2 پولیس اہلکاروں کوایکسی لینٹ سروس نشان اورتعریفی خط سے نوازا گیا۔