نئی دہلی ۔ /21 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی ایک عدالت نے آج انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو سابق وزیر فینانس پی چدمبرم سے تہاڑ جیل میں /22 اور /23 نومبر کو آئی این ایکس میڈیا منی لانڈرنگ کیس کے سلسلہ میں پوچھ تاچھ کی اجازت دے دی ۔ ای ڈی کی درخواست پر خصوصی جج اجئے کمار کوہر نے احکامات جاری کئے ۔ ای ڈی نے صبح دس تا ایک بجے دن اور دوپہر 2.30 بجے تا شام 4 بجے تک کا وقت مانگا اور کہا کہ چدمبرم کو کچھ دستاویزات دکھانے ہیں ۔ ہائیکورٹ نے پہلے ہی چدمبرم کی عدالتی تحویل میں /27 نومبر تک توسیع دے دی ہے ۔ عدالت نے 74 سالہ کانگریس کے سینئر قائد کی درخواست ضمانت کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا تھا کہ بادی النظر میں چدمبرم پر عائد الزامات سنگین ہیں اور انہوں نے اس اسکام میں حرکیاتی اور کلیدی رول ادا کیا ہے ۔