نئی دہلی 6 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر کانگریس لیڈر پی چدمبرم سے سی بی آئی کی تحویل میں چار تا پانچ افراد نے جملہ 400 سوال پوچھے ۔ یہ سوال آئی این ایکس میڈیا کیس سے متعلق تھے ۔ سپریم کورٹ نے چدمبرم کو اس کیس میں کل 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا تھا ۔ وہ تہاڑ جیل کی جیل نمبر 7 میں قید ہیں جو معاشی جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کیلئے مختص ہے ۔ سی بی آئی ذرائع نے بتایا کہ چدمبرم سے چار تا پانچ گواہوں اور ملزمین کو بھی روشناس کروایا گیا ۔ تاہم انہوں نے ان گواہوں اور ملزمین کے نام بتانے سے گریز کردئے ۔ ذرائع نے کہا کہ چدمبرم نے 21 اگسٹ سے سی بی آئی تحویل کے دوران جملہ 400 سوالات کے جواب دئے ۔ ذرائع کے بموجب چدمبرم سے کئے گئے سوالات میں اکثریت کچھ کمپنیوں سے ان کے فرزند کارتی چدمبرم کے روابط اور تعلقات کی تھی ۔ اس کے علاوہ اندراجی مکرجی اور پیٹر مکرجی سے کی گئی معاملتوں کے تعلق سے بھی سوال کئے گئے تھے ۔