آئی این ایکس میڈیا کیس میں عبوری ضمانت پر آج سماعت۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ
نئی دہلی۔ 2 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آئی این ایکس میڈیا معاملہ میں سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کو آج عبوری راحت دیتے ہوئے ضمانت کی عرضی خارج ہونے کی صورت میں انہیں مزید تین دن پولیس حراست میں ہی رکھے جانے کی ہدایت دی۔عدالت عظمی نے چدمبرم کو ضمانت کیلئے ذیلی عدالت جانے کیلئے کہا اور اس پر عاجلانہ فیصلہ کرنے کی عدالت کو ہدایت بھی دی۔جج آر بھانومتی اور جج اے ایس بوپنا کی بنچ نے ذیلی عدالت سے کہا کہ اگر چدمبرم کی ضمانت خارج کردی جاتی ہے تو انہیں مزید تین دن پولیس حراست میں رکھا جائے ۔73 سالہ چدمبرم کے وکیل کپل سبل نے بنچ سے درخواست کی کہ چدمبرم کو نظربندی میں رکھا جائے لیکن تہاڑ جیل نہ بھیجا جائے ۔اس پر عدالت نے مثبت حکم دیتے ہوئے کہا کہ چدمبرم کو فی الحال آئی این ایکس میڈیا کرپشن کیس میں تہاڑ جیل نہیں بھیجا جائے گا ۔ عرضی میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے اس حکم کو چیلنج کیا گیا ہے جس کے ذریعہ چدمبرم کو سی بی آئی حراست میں بھیجا گیا تھا۔ چدمبرم کے وکیل نے کہا کہ چدمبرم کو یا تو تین دن کے لئے عبوری ضمانت دے دی جائے یا ہاؤس اریسٹ میں رکھا جائے ۔سپریم کورٹ نے سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم معاملے میں اپنے حکم میں ترمیم کرتے ہوئے منگل کو پھر سے سماعت کرنے کا فیصلہ کیا۔ سپریم کورٹ نے پہلے چدمبرم کو ضمانت کے لئے ذیلی عدالت جانے کو کہا تھا اور عدالت کو اس پر فوری فیصلہ کرنے کی ہدایت بھی دی تھی۔جسٹس آر بھانومتی اور جسٹس اے ایس بوپنا کی بنچ نے ذیلی عدالت سے کہا تھا کہ اگر چدمبرم کی ضمانت عرضی خارج کردی جاتی ہے تو انہیں تین دن اور پولیس حراست میں رکھا جائے ۔اس فیصلے کے بعد سی بی آئی کی جانب سے سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے بنچ کے سامنے اپنے حکم پر پھر سے غور کرنے کی اپیل کی۔مہتا نے کہا کہ سی بی آئی حراست کی میعاد کل ختم ہوجائے گی اور ایسے میں ذیلی عدالت چدمبرم کو ریمانڈ پر نہیں بھیج پائے گی۔انہوں نے عدالت سے متعلقہ حکم کو ویب سائیٹ پر پیش نہ کرنے کی اپیل کی۔اس کے بعد عدالت نے کل پھرسے اس کی سماعت کرنے کا فیصلہ کیا۔ کل پھر دوپہر دو بجے سماعت ہوگی۔اس سے پہلے سماعت کیلئے جمعرات کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔ ضمانت کی عرضی خارج ہونے کے بعد چدمبرم کو مزید تین دن حراست میں بھیجے جانے کی ہدایت دی۔
ایرسل میکسیس معاملت
سی بی آئی ، ای ڈی کو
چدمبرم کی تحویل درکار
دریں اثناء سی بی آئی اور ای ڈی نے پیر کو دہلی کی ایک عدالت سے استدعا کی کہ سابق وزیر فینانس پی چدمبرم اور اُن کے فرزند کارتی کو ایرسل ۔ میکسیس اسکام کے نتیجہ میں اُبھرنے والے کیسوں میں تحویل میں رکھ کر پوچھ گچھ کرنے کی اجازت دی جائے ۔ دونوں تحقیقاتی ایجنسیوں نے کہاکہ چدمبرم اور اُن کے فرزند ان معاملوں کی تحقیقات میں تعاون نہیں کرتے رہے ہیں ۔دونوں ایجنسیوں نے الزام عائد کیاکہ چدمبرم نے یو پی اے حکومت کے دور میں ایرسل۔میکسیس معاملت کو اپنے حیطہ ٔ اختیار سے تجاوز کرتے ہوئے منظوری عطا کردی تھی جس سے بعض اشخاص کو فائدہ ہوا اور رشوت لی گئی ۔