مرکزی مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی کا ردعمل
حیدرآباد۔ 22 اگست (سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے سابق مرکزی وزیر اور کانگریسی قائد پی چدمبرم کی گرفتاری پر کانگریس کے الزامات کو مسترد کردیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے مرکز کی جانب سے انتقامی کارروائی کے تحت گرفتاری کے الزام کو مضحکہ خیز قراردیا اور کہا کہ قانون اپنا کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عدالتیں قانون کے مطابق فیصلے کررہی ہیں۔ عدالت کے امور میں حکومت اور پارٹی کا کوئی رول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانیوں میں ملوث افراد کو کہاں رکھنا ہے اس کا اختیار عدالت کو ہے جبکہ حکومت کا یہ کام نہیں ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ نریندر مودی حکومت بدعنوانیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی میں کوئی کوتاہی نہیں کرے گی جہاں تک پی چدمبرم کا معاملہ ہے یہ عدالتی کارروائی ہے اور اس میں حکومت کا کوئی دخل نہیں۔