حیدرآباد ۔ 26 اگست (سیاست نیوز) شہر میں نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے والی پولیس کوآج اس وقت پشیمانی کا سامنا کرنا پڑا جب ایک پولیس ملازم نشہ کی حالت میں ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ نشہ کی حالت میں گاڑی چلاتے ہوئے دوسری گاڑیوں کو ٹکر دینے کے علاوہ ایک شہری کو شدید زخمی کرنے کا سبب بھی بن گیا۔ اس پولیس انسپکٹر کی اس حرکت کے سبب علاقہ بلارم میں دہشت پیدا ہوگئی۔ نشہ میں دھت انتہائی غیرذمہ داری اور بے قابو رفتار سے گاڑی چلاتے ہوئے انسپکٹر سرینواس نے سڑک پر گاڑیوں کو روند دیا اور ایک شہری اس انسپکٹر کے سبب شدید زخمی ہوگیا جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ محکمہ پولیس کی بدنامی اور رسوائی کا سبب بننے والے انسپکٹر کی جب جانچ کی گئی تو خود پولیس حیرت کا شکار ہوگئی چونکہ ڈرنک اینڈ ڈرائیو کے پیمانے میں نشہ کی جانچ کی گئی تو ریٹنگ (200) ظاہر ہوئی اور جب کار کی تفصیلات کو حاصل کیا گیا تو اس پر 6 چالانات پہلے سے موجود ہیں۔ بتایا جاتا ہیکہ انسپکٹر سرینواس کمانڈ کنٹرول سنٹر میں خدمات انجام دے رہا ہے جو سکندرآباد کے علاقہ بلارم میں نشہ کی حالت میں پکڑا گیا۔ انتہائی ذمہ دارانہ عہدہ پر فائز ایک پولیس عہدیدار کی اس حرکت سے سارا محکمہ شرمسار ہوگیا۔
شہریوں کو نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے سے روکنے اور ان میں شعور بیدار کرنے اور ان کیخلاف کارروائی کرنے والی پولیس کیلئے یہ واقعہ شدید تکلیف کا سبب بن گیا۔
شہریوں کو اس خاطی پولیس عہدیدار کے خلاف محکمہ کو کارروائی کا انتظار ہے کہ آیا پولیس کے اعلیٰ عہدیدار اس انسپکٹر کے خلاف کس طرح کارروائی کو انجام دیں گے۔ع