چراغ پاسوان کا دس اضلاع کا دورہ

   

پٹنہ : لوک جن شکتی پارٹی ( ایل جے پی ) کے بانی آنجہانی رام ولاس پاسوان کی 05 جولائی کو ان کے جائے عمل بہار میں حاجی پور کے سلطان پور بستی میں منعقدہ جینتی تقریب کے بعد ان کے بیٹے او رپارٹی کے قومی صدر چراغ پاسوان ( چراغ گروپ) کی جانب سے آشیر واد یاترا سے متعلق ایک بڑی تیاری کی گئی ہے ۔ایل جے پی ( چراغ گروپ) کے ریاستی صدر اور سابق رکن اسمبلی راجو تیواری نے سابق رکن پارلیمنٹ رینو دیوی ، سابق رکن اسمبلی اوشا ودیارتھی اور سابق رکن کونسل ہلاس پانڈے کی موجودگی میں اتوار کو منعقدہ پریس کانفرنس میں کہاکہ سابق مرکزی وزیر آنجہانی رام ولاس پاسوان سبھی فرقوں اور طبقوں کے دلوں میں بستے تھے ۔ جینتی تقریب کے ساتھ ہی آشیر واد یاترا میں ہر طبقہ کے لوگوں کی حصہ داری ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے دور دراز علاقوں سے لوگ حاجی پور کے سلطان پور بستی میں منعقد ہونے والے پروگرام کی جانکاری لینے میں مسلسل مصروف ہیں۔مسٹر تیواری نے کہاکہ ایل جے پی بانی میں لوگ بابا صاحب بھیم راامبیڈ کر کی شبیہہ دیکھتے ہیں اور لوگوں کا کہنا ہے کہ ایل جے پی بانی امبیڈ کرکی دوسری شکل ہیں۔ ایل جے پی میں پارس گروپ اور چراغ گروپ میں چل رہی رسہ کشی سے متعلق پوچھے جانے پر انہوں نے کہاکہ حال میں ہوئے بہار اسمبلی کے انتخاب میں الیکشن کمیشن نے ان کی پارٹی کے قومی صدر اور بہار کے جموئی سے رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان سے خرچ کی تفصیلات طلب کی ہیں تو ایسے میں سمجھا جا سکتاہے کہ کمیشن بھی مسٹر پاسوان کو ہی صدر مان رہاہے ۔