چراغ پاسوان کیخلاف بغاوت۔ ایل جے پی منتشر

,

   

5 باغی ایم پیز کو خارج کرنے پر چراغ کو چچا پارس کے گروپ نے صدر کے عہدہ سے ہٹادیا

نئی دہلی ؍ پٹنہ : لوک جن شکتی پارٹی میں چراغ پاسوان کی قیادت والے گروپ نے منگل کو اپنے 5 ایم پیز کو خارج کردیا جنھوں نے چراغ کے خلاف بغاوت کردی تھی۔ اِس کے جواب میں اُن کے چچا پشوپتی کمار پارس کی سربراہی والے گروپ نے چراغ کو صدر پارٹی کے عہدہ سے ہٹادیا۔ دونوں گروپوں نے تیزی سے حرکت میں آتے ہوئے پارٹی پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ یہ بغاوت ایل جے پی کے بانی رام ولاس پاسوان کے سب سے چھوٹے بھائی پارس کو لوک سبھا سکریٹریٹ کی جانب سے ایوان میں ایل جے پی کا لیڈر تسلیم کئے جانے کے ایک روز بعد پیش آئی۔ چراغ کو پارلیمنٹری پارٹی میں یکا و تنہا کردیا گیا ہے کیوں کہ اُن سے ہٹ کر تمام دیگر ایم پیز نے پارس کی حمایت کردی ہے۔ پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ پارس کو دیگر قائدین کی تائید و حمایت حاصل ہورہی ہے۔ یہ معاملہ اب الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا کیونکہ دونوں گروپ پارٹی کے حقیقی نمائندہ ہونے کا دعویٰ کررہے ہیں۔منگل کو چراغ نے ایل جے پی ایگزیکٹیو کمیٹی کی ورچول میٹنگ منعقد کی جس میں اُنھوں نے اپنے چچا پارس سمیت سبھی پانچ ایم پیز کو پارٹی سے خارج کردیا۔ اس کے بعد ہی چراغ نے پارٹی کے صدر کے عہدہ پر بھی اپنا دعوی پیش کیا ہے اور سورج بھان سنگھ کو کارگذار صدر منتخب کیا گیا۔