پٹنہ: این ڈی اے میں شامل ہونے کی قیاس آرائیوں کے درمیان چراغ پاسوان نے اتوار کو اپنی پارٹی کا اجلاس طلب کیا جس میں پارٹی عہدیداروں نے چراغ کو اتحاد میں شامل ہونے کا فیصلہ کرنے کا اختیار دیا۔ اس میٹنگ سے پہلے بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ نتیانند رائے نے پٹنہ میں چراغ پاسوان سے ملاقات کی۔ 2024 کے انتخابات کیلئے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کے سلسلے میں آج لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کی میٹنگ ہوئی۔ چراغ پاسوان میٹنگ کے بعد پٹنہ سے دہلی روانہ ہوگئے ہیں۔نتیانند رائے نے ایل جے پی کی میٹنگ سے پہلے چراغ سے ملاقات کی۔ دراصل، اس طرح کی قیاس آرائیاں پہلے سے کی جا رہی تھیں کہ بی جے پی انہیں مرکزی کابینہ میں شامل کر سکتی ہے اور اس کے پیش نظر بہار میں بھی ان کی سیکورٹی بڑھا دی گئی تھی۔ مرکزی وزارت داخلہ نے انہیں زیڈ زمرہ کی سیکورٹی فراہم کی ہے۔ چرچا ہے کہ ان کی این ڈی اے میں واپسی کا صرف رسمی اعلان باقی ہے۔